تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں گزشتہ تین روز سے جاری شدید بارشوں کے باعث بڑے پیمانے پر سیلاب آگیا جس کے بعد شہر کے تمام 50 اضلاع میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کردیا گیا۔
بینکاک کے گورنر کے مطابق شہر کے مشرقی علاقے سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جبکہ جمعرات کی سہ پہر سے اب تک تقریباً 300 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔ مزید بارشوں کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

گورنر نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ نہروں کے قریب رہنے والے افراد اپنے قیمتی سامان کو محفوظ اور بلند مقامات پر منتقل کریں کیونکہ شہر کی بیشتر نہریں پانی سے بھر چکی ہیں۔ انہوں نے زندگی بچانے والے طبی آلات پر انحصار کرنے والے بستر پر موجود مریضوں کو عارضی طور پر اسپتال منتقل ہونے پر بھی غور کرنے کا مشورہ دیا۔

بلدیاتی حکام نے متاثرہ افراد کے لیے عارضی پناہ گاہیں قائم کردی ہیں جبکہ پانی کی نکاسی کے لیے پمپس کے ذریعے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

دوسری جانب تھائی محکمہ موسمیات نے اتوار تک ملک کے بیشتر حصوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ حکام کے مطابق وسطی علاقے پر موجود کم دباؤ کے مضبوط نظام نے مون سون کی سرگرمیوں میں بھی اضافہ کردیا ہے۔

بینکاک میں موجودہ صورتحال نے 2011 کے تباہ کن سیلاب کی یاد تازہ کردی ہے جس میں تھائی لینڈ بھر میں 500 سے زائد افراد ہلاک اور لاکھوں گھر متاثر ہوئے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








