چینل پر بننے والے کھانے کون کھاتا ہے؟ شیف ردا سے خصوصی گفتگو

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

چینل پر بننے والے کھانے کون کھاتا ہے؟ شیف ردا سے خصوصی گفتگو
چینل پر بننے والے کھانے کون کھاتا ہے؟ شیف ردا سے خصوصی گفتگو

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

عمدہ اور لذیذ کھانے کھانا کا ہر کسی کو شوق ہوتا ہے، جس کو دیکھو وہ گھر میں یہی فرمائش کررہا ہوتا ہے کہ آج کوئی نئی ریسیپی ٹرائی کرنا، گھر میں ہر خاتون خانہ کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ وہ مزیدار کھانے پکائیں تاکہ گھروالوں سے خوب تعریف وصول کرسکیں۔

یہی وجہ ہے کہ ملک میں ایسے ٹی وی شوز کو خاتون خانہ کی بڑی تعداد بہت شوق سے دیکھتی ہے جو کہ کوکنگ پر مبنی ہوتے ہیں۔

آج اسی شعبے سے منسلک ایک شیف سے آپ کی ملاقات کروائینگے جن کو 15 سال ہوچکے ہیں اس شعبے میں اور ان کی ریسیپیز کی دھوم صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ بیرون ملک میں بھی ہے۔

شیف ردا آفتاب کا نام پاکستان کے مقبول ترین شیفس میں سے ایک ہے۔ شیف ردا آفتاب نہ صرف دیسی کھانے بنانے میں مہارت رکھتی ہیں بلکہ فیوژن کھانوں میں بھی انہیں خاص مہارت حاصل ہے۔

ایم ایم نیوز نے شیف ردا کے ساتھ خصوصی نشست کا اہتمام کیا جس کا احوال پیش خدمت ہے۔

ایم ایم نیوز: آپ کو سیلیبرٹی شیف بننے میں کیا کیا مشکلات پیش آئیں، گھروالوں کا کیا ردعمل تھا؟

شیف ردا آفتاب: میرے ابو تو بالکل خلاف تھے میں نے کوکنگ سیکھی بھی بہت مشکل سے ہے، چھپ چھپ کے کوکنگ سیکھنے جاتی تھی، اس کے بعد میں نے پہلے ایک میگزین میں ریسیپیز دینی شروع کیں اور اسی دوران مجھے ٹی وی سے بھی آفر آئی تھی جو کہ پہلے تو میں نے منع کردی تھی لیکن کچھ وقت کے بعد قبول کرلی تھی اور بعد میں ابو بھی لوگوں کے سمجھانے پر راضی ہوگئے تھے۔

ایم ایم نیوز: آپ کے پروگرام کی ریٹنگز پچھلے پندرہ سال سے نیچے نہیں آئیں، کیا وجہ ہے اس کے پیچھے؟

شیف ردا آفتاب: مجھے سب یہی کہتے ہیں کہ مجھ پر اللہ کا خاص کرم ہے میرے چینل کے ہیڈ بھی یہی کہتے ہیں کہ آپ کے چینل کی ریٹنگز پاکستان سے باہر ممالک میں بھی ہمیشہ اچھی آتی ہے تو آپ اپنی نظر اتارا کریں۔

ایم ایم نیوز: آپ کی ریسیپیز کی مقبولیت کے پیچھے کیا وجہ ہے؟

شیف ردا آفتاب: میری ریسیپیز ہمیشہ بہت سادہ ہوتی ہیں، میں عام مصالحوں سے کھانے بناتی ہوں اور ہمیشہ مڈل کلاس طبقے کو ذہن میں رکھ کر کھانا بناتی ہوں اس لئے لوگوں کو بہت پسند آتی ہیں کیونکہ انھیں باہر سے زیادہ مصالحے نہیں خریدنے پڑتے۔

ایم ایم نیوز: آپ کی سگنیچر ڈش کیا ہے؟

شیف ردا آفتاب: میں دیسی کھانے بہت اچھے بناتی ہوں۔

ایم ایم نیوز: پہلی دفعہ جپ آپ نے کوکنگ کی تھی اُس وقت آپ کی کیا عمر تھی؟

شیف ردا آفتاب: میری عمر دس سال تھی، میں نے آلو کی بھجیا بنائی تھی اور صبح سے رات کردی تھی اُسے بنانے میں جس پر میری بڑی بہن نے مذاق بھی بہت اڑایا تھا۔

ایم ایم نیوز: آپ کو لائیو شو کرتے ہوئے ڈر لگتا ہے کہ کہیں کچھ ہو نہ جائے؟

شیف ردا آفتاب: ہاں لگتا ہے کیونکہ شو لائیو جارہا ہوتا ہے اور شروع شروع میں تو بہت لگتا لگتا تھا لیکن اب آہستہ آہستہ اس کی عادت ہوگئی ہے۔

ایم ایم نیوز: جو لوگ اس فیلڈ میں آنا چاہتے ہیں اُن کو آپ کا کیا مشورہ ہے؟

شیف ردا آفتاب:  جو لوگ اس فیلڈ میں آنا چاہتے ہیں وہ ضرور آئیں تاکہ کچھ نیا کریں اور ہمیں بھی ان سے کچھ سیکھنے کا موقع ملے اور ضرور آئیں کیونکہ آج کل تو شیف کو اچھی تنخواہ کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات بھی بہت ساری دی جاتی ہیں۔

ایم ایم نیوز: ویسے تو آپ خود ایک شیف ہیں لیکن آپ کا پسندیدہ شیف کون ہے؟

شیف ردا آفتاب: ویسے تو سب شیف اچھے ہیں لیکن زبیدہ آپا میری پسندیدہ شیف تھیں اور میں نے اُن سے بہت کچھ سیکھا بھی ہے۔

ایم ایم نیوز: آپ کے گھروالوں کو آپ کے ہاتھ کی کون سی ڈش سب سے زیادہ پسند ہے؟

شیف ردا آفتاب: گھروالوں کو میرے ہاتھ کی بریانی بہت پسند ہے۔

ایم ایم نیوز: یہ بتائیں کہ چینل پر بننے والے کھانے کون کھاتا ہے؟

شیف ردا آفتاب: یہ سوال اکثر لوگ پوچھتے ہیں، دیکھیں پہلے تو یہ کھانے وہاں پر موجود ٹیم کے لوگ ہی کھالیا کرتے تھے لیکن اب یہ کھانا یا تو سلطانہ آپا کے گھر چلا جاتا ہے یا کہیں اور۔

یہ بھی پڑھیں: آپ گھر میں موجود کسی بھی فالتو چیز سے ڈیکوریشن کرسکتے ہیں، تانیہ روگٹیا کے ساتھ ایم ایم نیوز کی خصوصی گفتگو

ایم ایم نیوز: آپ کے خیال میں کامیاب شیف ہونے کیلئے کیا ضروری ہے؟

شیف ردا آفتاب: سب سے پہلی چیز تو یہ ہے کہ آپ کسی بھی فیلڈ میں کبھی بھی ایک دم چھلانگ نہ ماریں، اسٹیپ بائی اسٹیپ آگے بڑھیں کیونکہ اگر آپ ایک دم اونچائی پر چلے جائیں گے تو نیچے بھی اسی تیزی سے آئیں گے اور دوسری بات خود پر کبھی بھی غرور نہیں کریں۔

ایم ایم نیوز: آپ کے خیال میں کھانے کی پریزینٹیشن کتنی ضروری ہوتی ہے؟

شیف ردا آفتاب: کھانے کی پریزینٹیشن بہت ضروری ہوتی ہے کیونکہ کوئی بھی کھانا کھانے سے پہلے اُس کی پریزینٹیشن کو دیکھتا ہے اور اس لئے تھوڑی توجہ پریزینٹیشن پر دینی چاہئے۔

ایم ایم نیوز: ایم ایم نیوز کے چاہنے والوں کیلئے آپ کا کیا پیغام ہے؟

شیف ردا آفتاب: میرا یہی پیغام ہے سب کیلئے کہ پیسہ تو انسان بہت کما لیتا ہے لیکن عزت بہت مشکل سے ملتی ہے اور میں نے بھی ہمیشہ عزت کو پہلی ترجیح دی ہے یہی وجہ ہے کہ لوگ ہمیشہ میری تعریفیں کرتے ہیں۔

Related Posts