190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق ایک اور اہم قانونی قدم اٹھایا گیا ہے۔ بشریٰ بی بی کے امراض چشم سے متعلق انکے علاج اور مکمل میڈیکل رپورٹ طلب کرنے کیلئے عدالت میں ایک نئی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے دائر کی جانے والی اس درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو اس وقت بینائی سے جڑے سنگین مسائل کا سامنا ہے اور ان کی بینائی تیزی سے متاثر ہو رہی ہے۔
درخواست میں عدالتِ عالیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ اڈیالہ جیل انتظامیہ کو فوری طور پر بشریٰ بی بی کی مکمل طبی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں موقف بھی رکھا گیا ہے کہ سابق خاتونِ اول کے علاج کے تمام اخراجات وہ خود اٹھانے کو تیار ہیں لہٰذا انہیں اپنے ذاتی خرچ پر کسی ماہرِ امراضِ چشم سے فوری چیک اپ اور علاج کی اجازت دی جائے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بشریٰ بی بی کو لاحق آشوبِ چشم یا نظر کے اس مسئلے پر گہری تشویش کا اظہار کیا تھا۔ عمران خان کی جانب سے اسی ملاقات میں ہدایات دی گئی تھیں کہ بشریٰ بی بی کے اس طبی مسئلے پر فوری طور پر عدالتوں سے رجوع کرکے ریلیف حاصل کیا جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








