مرتضیٰ وہاب کے ستارے گردش میں؟ کے ایم سی میں میگا کرپشن کا پنڈورا باکس کھلنے کو تیار

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) میں مبینہ مالی بدعنوانیوں اور سرکاری وسائل کے ناجائز استعمال کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے نے بڑے پیمانے پر کارروائی کی تیاری شروع کر دی ہے۔ ادارے کو کے ایم سی کے مختلف محکموں میں مبینہ میگا کرپشن کے حوالے سے اہم شواہد ملنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران محکمہ پارکس، محکمہ لینڈ اور اورنگی پراجیکٹ میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے معاملات سامنے آئے ہیں۔ اس کے علاوہ محکمہ اسٹیٹ، کراچی چڑیا گھر، سفاری پارک اور ٹیکنیکل سروسز سے وابستہ افسران بھی تحقیقاتی ادارے کی چھان بین کے دائرے میں آگئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین برس کے دوران سرکاری خزانے کو مبینہ طور پر نقصان پہنچانے اور کے ایم سی کے قیمتی اثاثوں کی غیر قانونی تقسیم یا بندر بانٹ میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات میں زیر تفتیش افسران سے حاصل ہونے والی معلومات اور انکشافات کی روشنی میں مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ مبینہ مالی بدعنوانیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کی حکمت عملی بھی تیار کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتے کے دوران کارروائی میں تیزی آنے اور مبینہ کرپشن میں ملوث بااثر افسران کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کا امکان ہے۔

کے ایم سی کے مختلف محکموں میں ہونے والی مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات نے بلدیاتی ادارے میں احتساب اور شفافیت کے حوالے سے اہم سوالات کھڑے کر دئیے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ تحقیقاتی ادارے کی کارروائی کے نتیجے میں کن افسران کے خلاف ٹھوس شواہد سامنے آتے ہیں اور ان کے خلاف کیا قانونی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔

Related Posts