مولانا فضل الرحمان کا بڑا حکم آنے والا؟ کارکنان کو نئی ہدایات کا انتظار کرنے کا حکم

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

جمعیت علمائے اسلام (ف) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سیل کرنے کے بعد اہل خانہ کو گھر خالی کرنے پر مجبور کیا گیا۔

جے یو آئی کے میڈیا سیل سے جاری بیان میں ترجمان اسلم غوری نے گرفتاری اور رہائش گاہ کی بندش کی تصدیق کرتے ہوئے حکومتی اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق انتظامیہ نے اہل خانہ کو گھر سے باہر نکالنے کے بعد رہائش گاہ سیل کر دی جس کے باعث اہل خانہ وہاں سے روانہ ہوگئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو بھی ہراساں کیا گیا اور اہل خانہ کو مختصر وقت میں گھر خالی کرنے کی ہدایت دی گئی۔

اسلم غوری نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمان اس وقت لاہور میں نظر بند ہیں جبکہ اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ کا گھیراؤ اور اہل خانہ کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک تشویشناک ہے۔

ترجمان جے یو آئی نے حکومتی اقدامات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے ظلم و جبر کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو صبر و تحمل سے کام لینے اور کسی قسم کے اشتعال میں نہ آنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کے مطابق کارکن پارٹی قیادت کی آئندہ ہدایات کا انتظار کریں۔

اسلم غوری نے اپنے بیان میں خبردار کیا کہ ظلم کی بھی ایک حد ہوتی ہے اور حکمرانوں کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جنہیں برداشت کرنا ممکن نہ ہو۔

Related Posts