اسٹے آرڈر کے باوجود کام جاری رہا! 11 اموات کا ذمہ کون ؟ سندھ حکومت سنگین الزامات کی زد میں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں ایڈمن سوسائٹی میں منہدم ہونے والی چھ منزلہ عمارت کے ملبے سے مزید دو افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں جس کے بعد حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 11 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق ملبے سے ملنے والی دونوں لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے تلے اب بھی 7 افراد کی موجودگی کا خدشہ ہے جن کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔

امدادی کارروائیوں میں جدید تکنیکی آلات اور خصوصی کیمروں کی مدد لی جا رہی ہے جن کے ذریعے ملبے کے اندر ممکنہ طور پر موجود افراد کی نشاندہی کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں بھاری ملبہ ہٹانے کے ساتھ ساتھ انسانی جانوں کی تلاش پر بھی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

حادثے کے بعد ملبے سے زندہ نکالے جانے والے ایک شخص نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ عمارت کے اندر تقریباً 300 افراد دبے ہو سکتے ہیں تاہم اس حوالے سے سرکاری سطح پر تصدیق سامنے نہیں آئی۔

اسٹے آرڈر کے باوجود تعمیراتی کام جاری رہا

اس افسوسناک سانحے نے عمارت کی تعمیر، قانونی حیثیت اور متعلقہ اداروں کی نگرانی پر بھی سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق عمارت کے حوالے سے عدالتی اسٹے آرڈر موجود تھا جس کے بعد تعمیراتی سرگرمیاں بند ہو جانی چاہییں تھیں لیکن عدالتی احکامات کے باوجود مبینہ طور پر غیر قانونی عمارت میں تعمیراتی کام جاری رہا۔

یہ صورتحال متعلقہ حکومتی اداروں کی کارکردگی اور نگرانی کے نظام پر سوالیہ نشان ہے۔ عدالتی حکم کے باوجود تعمیراتی سرگرمیاں نہ رکوانے کی ذمہ داری سندھ حکومت اور اس کے متعلقہ اداروں پر عائد ہوتی ہے تاہم اس معاملے میں اب تک کسی ذمہ دار کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ شہری حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے غفلت اور مبینہ سرپرستی میں ملوث ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

ملبے سے دو روز بعد زندہ نکلنے والے عادل کی لرزہ خیز روداد

گزشتہ روز حادثے کے دو دن بعد ملبے سے زندہ نکالے جانے والے عادل نے اپنے خوفناک تجربے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عمارت اچانک زمین بوس ہوئی اور انہیں سنبھلنے کا موقع تک نہ ملا۔

عادل کے مطابق انہوں نے ایک ستون کے نیچے پناہ لے کر اپنی جان بچائی جبکہ ان کے دو دوست بھی ان کے قریب موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ملبے تلے پھنسے افراد مسلسل مدد کے لیے پکارتے رہے، کسی کے پاؤں پر چوٹ آئی تھی تو کوئی سر پر زخم لگنے کے باعث تکلیف میں مبتلا تھا۔

واضح رہے کہ ایڈمن سوسائٹی، بلوچ کالونی میں چھ منزلہ عمارت منہدم ہونے کے بعد سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ریسکیو اہلکار ملبہ ہٹانے اور لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں جبکہ حادثے کے اصل اسباب اور ذمہ داروں کا تعین بھی انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

Related Posts