فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن (ان لینڈ ریونیو) کے افسران کے دائرہ اختیار میں اہم تبدیلیاں کر دی ہیں جبکہ فیڈرل ایکسائز کے مقدمات کی تقسیم اور متعلقہ ٹیکس دفاتر کی حدود بھی نئے سرے سے متعین کر دی گئی ہیں۔
اس حوالے سے ایف بی آر نے 22 اکتوبر 2026 کو ایس آر او نمبر 1887(I)/2026 جاری کیا جس کے ذریعے سابقہ ایس آر او نمبر 251(I)/2019 میں ترامیم کی گئی ہیں۔ ان تبدیلیوں کا مقصد ٹیکس دفاتر کی نئی تنظیم نو کے مطابق انٹیلی جنس افسران کے انتظامی اور قانونی اختیارات کو ہم آہنگ کرنا ہے۔
نئے نوٹیفکیشن کے تحت اسلام آباد میں ڈائریکٹر انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کے دائرہ اختیار سے کارپوریٹ ٹیکس آفس اسلام آباد کو خارج کر دیا گیا ہے۔
کراچی میں میڈیم ٹیکس پیئرز آفس اور کارپوریٹ ٹیکس آفس کے سابقہ حوالوں کی جگہ کارپوریٹ ٹیکس آفس-I اور کارپوریٹ آفس-II کے نام شامل کیے گئے ہیں۔ دیگر متعلقہ افسران کے دائرہ اختیار میں بھی اسی تنظیم نو کے مطابق تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
لاہور میں ریجنل ٹیکس آفس کو دو حصوں، ریجنل ٹیکس آفس-I اور ریجنل ٹیکس آفس-II میں تقسیم کرتے ہوئے انٹیلی جنس افسران کے دائرہ اختیار میں بھی ترمیم کر دی گئی ہے۔
ایف بی آر نے ایڈیشنل ڈائریکٹر-II انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن لاہور کے قانونی اختیارات میں بھی تبدیلی کی ہے۔ نئی ترمیم کے تحت فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 کی متعلقہ دفعات میں ردوبدل کرتے ہوئے اختیارات کے لیے دفعات 21A، 22، 23، 24، 25، 26، 30 اور 45(1) مقرر کی گئی ہیں۔
ان ترامیم کے بعد تینوں بڑے شہروں میں انٹیلی جنس افسران کا دائرہ اختیار نئے ٹیکس انتظامی ڈھانچے کے مطابق ترتیب دے دیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








