کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اسلام آباد نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سیل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے جبکہ پولیس ذرائع کے مطابق گھر میں موجود ان کے صاحبزادے اسجد محمود کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
سی ڈی اے کے چار صفحات پر مشتمل حکم نامے کے مطابق سیکٹر جی سکس فور، اسٹریٹ نمبر 83، مکان نمبر 7 کے رہائشی پلاٹ کی الاٹمنٹ مالک امان اللہ کے نام سے منسوخ کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق متعلقہ اداروں کی جانب سے اطلاع دی گئی تھی کہ امان اللہ غیر ملکی شہری ہیں اور ان کا پاکستانی شناختی کارڈ بھی منسوخ ہو چکا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اسپیشل برانچ کی 22 نومبر 2026 کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد معاملے کی جانچ شروع کی گئی۔ ریکارڈ کے مطابق امان اللہ کا شناختی کارڈ والدین کے شناختی کارڈز کی بنیاد پر جاری ہوا تھا تاہم خاندانی کوائف میں تضاد سامنے آنے پر نادرا نے اسے منسوخ کر دیا۔
سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے 25 نومبر کو متعلقہ معاملے سے آگاہ کیا جس کے بعد امان اللہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا اور 26 نومبر کو ممبر اسٹیٹ کے سامنے پیش ہو کر وضاحت دینے کی ہدایت کی گئی تاہم وہ مقررہ تاریخ پر پیش نہیں ہوئے۔
ادارے نے دستیاب سرکاری ریکارڈ اور نادرا کی تصدیقی رپورٹ کی بنیاد پر پلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے اور جائیداد کی ملکیت کی تبدیلی کا اندراج بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
حکم نامے میں یہ مؤقف بھی اختیار کیا گیا ہے کہ غیر ملکی شہری پیشگی تحریری اجازت کے بغیر پاکستان میں زمین یا جائیداد حاصل نہیں کر سکتے۔ سی ڈی اے نے اسی قانونی پابندی کو کارروائی کی بنیاد قرار دیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








