خبردار! بچوں کے آئی اسپرے سے ماؤتھ واش تک سب جعلی، کراچی میں 9 ادویات بے نقاب

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے کراچی کی مارکیٹوں میں فروخت ہونے والی 9 مشکوک، جعلی، ملاوٹ شدہ اور غیر رجسٹرڈ ادویات اور طبی مصنوعات کی نشاندہی کرتے ہوئے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ان مصنوعات میں بچوں کے استعمال کی اشیا سمیت آنکھوں، دانتوں، جلد اور کانوں کے علاج سے متعلق مصنوعات بھی شامل ہیں۔

ڈریپ کے مطابق ان مصنوعات کا استعمال شہریوں کی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ ان کے معیار، حفاظت اور علاج میں افادیت کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ جعلی یا غیر معیاری ادویات کے استعمال سے مطلوبہ علاج متاثر ہونے کے علاوہ مختلف طبی پیچیدگیاں بھی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ ریپڈ الرٹ کے مطابق ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری سندھ کراچی میں کیے گئے ٹیسٹوں کے بعد مذکورہ 9 مصنوعات کے نمونوں کو ملاوٹ شدہ، غیر معیاری، جعلی یا غیر رجسٹرڈ قرار دیا گیا ہے۔

نشاندہی کی گئی مصنوعات میں چار اقسام کے ماؤتھ واش، آنکھوں کے علاج سے متعلق دو مصنوعات، کان کے درد کے لیے دو کریمیں اور جلد کے مسائل کے لیے ایک لوشن شامل ہے۔

ڈریپ کے الرٹ میں جن مصنوعات کے نام شامل کیے گئے ہیں ان میں بے بی آئی اسپرے، ٹوبرامائیسین اوپتھلمک سولوشن، ٹوٹل کیئر ماؤتھ واش، ڈینزیکور ماؤتھ واش، اینٹی پلاک ماؤتھ واش اور ہیپی ٹوتھ کڈز ماؤتھ واش شامل ہیں۔

اس کے علاوہ کان کے درد سے متعلق بے بی کیئر ایئر کریم اور وائٹل ایئر کریم جبکہ جلد کے مسائل کے لیے میجک لوشن کا بیچ نمبر 002 بھی مشکوک مصنوعات کی فہرست میں شامل ہے۔

ڈریپ کے مطابق زیرِ تفتیش مصنوعات پر درج مینوفیکچرنگ تفصیلات میں ایل سی کیئر فارما اور نیو ہربل کیئر کراچی کے نام سامنے آئے ہیں۔ ان میں سے سات مصنوعات پر ایل سی کیئر فارما جبکہ بے بی کیئر ایئر کریم اور وائٹل ایئر کریم پر نیو ہربل کیئر کا نام درج ہے۔ تاہم، مصنوعات پر درج یہ تفصیلات ان کے اصل ماخذ یا تیاری کی حتمی تصدیق نہیں کرتیں۔

اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ جعلی اور غیر معیاری ادویات کے استعمال سے مریضوں کو مطلوبہ علاج نہیں مل پاتا جس کے نتیجے میں انفیکشن یا دیگر بیماریوں کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ خصوصاً بچوں کے لیے تیار کردہ مصنوعات اور آنکھوں جیسے حساس اعضا کے علاج میں استعمال ہونے والی اشیا کے حوالے سے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔

ڈریپ نے متعلقہ صوبائی ڈرگ کنٹرول حکام اور فیلڈ ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ ادویات کی تیاری سے لے کر ترسیل اور فروخت تک سپلائی چین کی نگرانی مزید سخت کی جائے۔ متعلقہ حکام کو مشکوک مصنوعات کی نشاندہی، ضبطی اور ڈسٹری بیوٹرز، فارمیسیز اور میڈیکل اسٹورز کے ذریعے ان کی مزید فروخت روکنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

ڈریپ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مذکورہ مصنوعات کا استعمال نہ کریں اور اگر ان کے استعمال کے بعد کوئی طبی پیچیدگی سامنے آئے تو فوری طور پر ڈاکٹر یا مستند طبی ماہر سے رجوع کریں۔ صارفین کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ ادویات صرف لائسنس یافتہ فارمیسیز اور مستند میڈیکل اسٹورز سے خریدیں، پیکنگ اور تفصیلات کا بغور جائزہ لیں اور کسی دوا کی اصلیت پر شبہ ہونے کی صورت میں طبی ماہر سے مشورہ کریں۔

Related Posts