“ہم ایک جذبے سے صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دے رہے ہیں”

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

مارشل آرٹس ایک گیمنگ آرٹ ہے، یہ ہمیشہ سے تفریح کے ساتھ جسمانی و ذہنی صحت کا بھی اہم ذریعہ رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ انٹرٹینمنٹ کی دنیا سے لیکر صحت کے معاملات تک مارشل آرٹس کو ہر جگہ خاص اہمیت دی جاتی ہے۔

مارشل آرٹس کھیل ہی کھیل میں جسم کو توانا، صحت مند اور تر و تازہ اور ہر دم متحرک رکھنے کا اہم ذریعہ اور وسیلہ ہے اور یہ ہر عمر اور ہر صنف و جنس کے انسان کی یکساں ضرورت ہے۔

مارشل آرٹس کے فروغ کیلئے ملک اور خاص طور پر شہر قائد کراچی میں مختلف افراد اور ادارے کام کر رہے ہیں، تاہم کراچی کے علاقے بلدیہ میں قائم ٹائیگر مارشل آرٹس اکیڈمی ایک ایسا ادارہ ہے جو صرف کاروبار اور پیسے کمانے پر یقین نہیں رکھتا۔ یہاں کے چیف ٹرینر اور سربراہ اقرار خان قوم کے بچوں کو صحت مندانہ سرگرمی میں مصروف رکھنے کے جذبے سے بھی مالامال ہیں اور کہتے ہیں کہ اگر کوئی ہنر مند، باصلاحیت اور محنتی نوجوان صرف اس وجہ سے اس فن میں آگے نہیں بڑھتا کہ اس کی مالی استطاعت اس کی اجازت نہیں دیتی تو ہم ایسے نوجوانوں کو ویلکم کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ وہ خود کو محض پیسوں کی کمی کی وجہ سے ضائع نہ کریں۔

ایم ایم نیوز کی ٹیم نے بلدیہ کراچی میں قائم اقرار خان کی ٹائیگر مارشل آرٹس اکیڈمی کا دورہ کیا اور اس کی صحت مندانہ سرگرمیوں کا احوال لیا۔ اقرار خان نے بتایا کہ ٹائیگر اکیڈمی میں مارشل آرٹس کے تمام شعبوں میں تربیت فراہم کی جاتی ہے، انہوں نے بتایا کہ بچوں پر ہماری خاص توجہ ہے، کیونکہ بچپن میں ہی بچوں کو مارشل آرٹس سکھانے سے ان کی جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہوتا ہے اور وہ مضبوط جسم اور ذہن کے ساتھ نوجوانی میں قدم رکھتے ہیں۔

اقرار خان نے بتایا کہ اکیڈمی میں صبح دس سے چار بجے تک فیمیل کیلئے کلاسز ہوتی ہیں، جس میں انہیں یوگا اور مارشل آرٹس کے مختلف شعبوں کے ساتھ بطور خاص خواتین کی فٹنس سے متعلق چیزیں سکھائی جاتی ہیں۔

اقرار خان نے بتایا کہ بلدیہ کے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے، ٹائیگر اکیڈمی ان کے ٹیلنٹ میں نکھار پیدا کرنے اور خاص طور پر بچوں کو جسمانی اور ذہنی طور پر مضبوط بنانے کیلئے کوشاں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہاں سے سیکھ کر کئی نوجوان ملکی سطح پر بلدیہ کی نمائندگی کر چکے ہیں، ہماری خواہش ہے کہ ایسے نوجوان تیار ہوں جو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں سے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارا لوگو یہی ہے کہ صحت مند نوجوان روش پاکستان اور ہم اس کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اپنے حصے کا کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Related Posts