کراچی میں بول نیوز کے ہیڈ آفس میں خوفناک آتشزدگی! ایک حصہ منہدم، چینلز آف ایئر

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

کراچی کے علاقے کورنگی میں واقع بول نیوز کے ہیڈ آفس میں جمعرات کو اچانک شدید آگ بھڑک اٹھی جس نے عمارت کے بالائی حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کے نتیجے میں چھت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا جبکہ عمارت کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق بول نیوز کے دفتر میں آگ لگنے کے بعد عمارت میں موجود صحافیوں، ملازمین اور دیگر عملے کو فوری طور پر بحفاظت باہر نکال لیا گیا تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

واقعے کے دوران آگ کے شعلے عمارت کے بالائی حصے تک پھیل گئے جبکہ سیاہ دھوئیں کے گہرے بادل دور دور تک دکھائی دیتے رہے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں عمارت کی بالائی چھت کو آگ کی لپیٹ میں دیکھا جاسکتا ہے جہاں دھات کی چادریں اور دیگر تعمیراتی حصے متاثر ہوئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ کی شدت کے باعث چھت کا کچھ حصہ، جس میں شٹرنگ کا حصہ بھی شامل بتایا جاتا ہے، گر گیا۔ قریبی عمارت سے بنائی گئی ویڈیوز میں چھت پر ملبہ، متاثرہ دھاتی چادریں اور دیگر تنصیبات بھی دکھائی دیتی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اسی عمارت میں بول نیوز کے علاوہ ایشیا ون نیوز، 365 نیوز اور آواز نیوز کے دفاتر بھی قائم ہیں۔ آتشزدگی کے باعث بول نیوز، 365 نیوز اور ایشیا ون کی نشریات بھی متاثر ہوئیں اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق چینلز آف ایئر ہوگئے۔

سوشل میڈیا پر بعض اکاؤنٹس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ آگ کا آغاز گیم شو کی تیاری کے لیے مختص حصے سے ہوا تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔ آگ لگنے کی اصل وجہ بھی معلوم نہیں ہوسکی۔

واقعے کے بعد فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر کارروائیاں شروع کردیں تاکہ آگ پر قابو پانے کے ساتھ عمارت کے مزید حصوں کو نقصان سے بچایا جاسکے۔

تاحال آتشزدگی سے ہونے والے مالی نقصان، عمارت کے متاثرہ حصوں اور ٹی وی چینلز کی نشریات بحال ہونے کے وقت سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ متعلقہ حکام کی جانب سے واقعے کی وجوہات اور نقصان کا باضابطہ تخمینہ بھی جاری نہیں کیا گیا۔

Related Posts