تربیلا ڈیم کے ففتھ ایکسٹینشن ہائیڈرو پاور منصوبے میں حفاظتی بند ٹوٹنے اور چٹانی حصہ منہدم ہونے کے باعث ٹنل نمبر 5 کے تعمیراتی علاقے میں پانی داخل ہوگیا جس کے بعد منصوبے پر کام غیر معینہ مدت کے لیے روک دیا گیا۔
واپڈا کے مطابق دوسری بینچ کنیکٹنگ ٹنل کی کھدائی کے دوران کمزور چٹانی حصہ گرنے سے انٹیک پٹ کا پانی زیر تعمیر پاور ہاؤس اور سرنگ کے علاقے میں پہنچا۔ واقعے کے بعد پاکستانی اور چینی انجینئرز سمیت تمام کارکنوں کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔ پانی کے تیز بہاؤ میں بہنے والے ایک مزدور کو بھی ریسکیو کرلیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر وسیم احمد کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واپڈا کا کہنا ہے کہ انٹیک پٹ سے پانی نکال دیا گیا ہے اور مزید پانی کا بہاؤ رک چکا ہے۔ زیر تعمیر پاور ہاؤس سے بھی پانی نکالنے کا عمل جاری ہے۔ ادارے نے ٹنل منہدم ہونے کی اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مین ٹنل، پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ محفوظ ہیں۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ 1,530 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے اس منصوبے کی تکمیل سے تربیلا ڈیم کی مجموعی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 6,418 میگاواٹ ہوجائے گی۔ 807 ملین ڈالر لاگت کے اس منصوبے کی تکمیل کی نئی متوقع تاریخ ستمبر 2027 مقرر کی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








