شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال برصغیر کی ان عظیم علمی، ادبی اور فکری شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے اپنی شاعری اور فلسفے کے ذریعے مسلمانوں میں خودی، خودداری، اتحاد اور بیداری کا شعور اجاگر کیا۔ ان کے افکار نے نہ صرف مسلمانانِ برصغیر کو نئی فکری سمت دی بلکہ قیامِ پاکستان کے تصور کو بھی مضبوط بنیاد فراہم کی۔
علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق کشمیری النسل خاندان سے تھا۔ ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر میں حاصل کی، جہاں عربی اور فارسی زبانوں سے بھی واقفیت حاصل ہوئی۔ بعد ازاں گورنمنٹ کالج لاہور سے فلسفے میں ایم اے کیا اور تدریسی شعبے سے وابستہ ہوگئے۔ انہوں نے اورینٹل کالج لاہور میں عربی کے استاد کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔
یورپ میں اعلیٰ تعلیم اور فکری ارتقا
1905 میں اقبال اعلیٰ تعلیم کے لیے یورپ روانہ ہوئے جہاں انہوں نے کیمبرج یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور لنکنز اِن سے قانون کی ڈگری حاصل کرکے بیرسٹر بنے بعد ازاں جرمنی کی میونخ یونیورسٹی سے فلسفے میں ڈاکٹریٹ مکمل کی۔ یورپ میں قیام کے دوران انہیں مغربی فلسفے اور تہذیب کا گہرائی سے مطالعہ کرنے کا موقع ملا، جس نے ان کی فکری صلاحیتوں کو مزید وسعت دی۔
1908 میں وطن واپسی کے بعد انہوں نے لاہور میں وکالت شروع کی تاہم ان کی اصل دلچسپی شاعری، فلسفے، سیاست اور علمی سرگرمیوں میں رہی۔
شاعری میں خودی اور بیداری کا پیغام
اقبال کی شاعری نوجوان نسل کو خود اعتمادی، عمل، بلند حوصلے اور مسلسل جدوجہد کی ترغیب دیتی ہے۔ ان کے معروف شعری مجموعوں میں بانگِ درا، بالِ جبریل، ضربِ کلیم، اسرارِ خودی، رموزِ بے خودی، پیامِ مشرق اور ارمغانِ حجاز شامل ہیں۔
ان کی مشہور نظم لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری بچوں کی پسندیدہ نظموں میں شامل ہے۔ مولانا رومی کے فلسفے اور تصوف نے بھی اقبال کی فکر پر گہرے اثرات مرتب کیے۔
تصورِ پاکستان کی فکری بنیاد
تحریکِ پاکستان میں علامہ اقبال کو ایک اہم فکری رہنما کی حیثیت حاصل ہے۔ 1930 میں الہ آباد میں آل انڈیا مسلم لیگ کے سالانہ اجلاس سے تاریخی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پنجاب، سندھ، بلوچستان اور شمال مغربی سرحدی صوبے پر مشتمل مسلم اکثریتی علاقوں کو ایک سیاسی وحدت میں متحد کرنے کا تصور پیش کیا۔
انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے ساتھ خط و کتابت کے ذریعے بھی مسلمانوں کے سیاسی مستقبل اور مسلم لیگ کے کردار پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان کی فکر نے برصغیر کے مسلمانوں میں الگ سیاسی تشخص اور خودمختاری کے شعور کو تقویت دی۔
عالمی سطح پر اقبال کی پہچان
علامہ اقبال 21 اپریل 1938 کو لاہور میں انتقال کرگئے، تاہم ان کے افکار آج بھی دنیا بھر میں زندہ ہیں۔ پاکستان میں انہیں شاعرِ مشرق، حکیم الامت اور مفکرِ پاکستان کے القابات سے یاد کیا جاتا ہے۔ ایران میں وہ اقبالِ لاہوری کے نام سے معروف ہیں جبکہ ان کی فارسی شاعری کو عالمی ادبی حلقوں میں بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
لاہور میں بادشاہی مسجد کے قریب واقع حضوری باغ میں ان کا مزار موجود ہے۔ ہر سال 9 نومبر کو یومِ اقبال منایا جاتا ہے تاکہ نئی نسل کو ان کی تعلیمات اور فکری ورثے سے روشناس کرایا جاسکے۔
اقبال کا پیغام آج بھی قوموں کو خودی، اتحاد، علم اور مسلسل جدوجہد کی اہمیت یاد دلاتا ہے۔ ان کی شاعری اور فلسفہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








