دنیا بھر میں طویل انتظار کے بعد ریلیز ہونے والی مشہور ویڈیو گیم گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 (GTA 6) نے ابتدائی چند گھنٹوں میں ہی اسٹریمنگ کی دنیا میں نئے ریکارڈ قائم کردئیے۔
اسٹریمنگ ڈیٹا فراہم کرنے والے ادارے اسٹریمز چارٹس (Streams Charts) کے مطابق گیم کی ریلیز کے پہلے تین گھنٹوں میں ٹوئچ، یوٹیوب، کِک اور دیگر پلیٹ فارمز پر بیک وقت ناظرین کی تعداد 78 لاکھ 86 ہزار 176 تک پہنچ گئی۔
اس طرح GTA 6 نے اپریل 2020 میں ویلورنٹ کے کلوزڈ بیٹا کے دوران قائم ہونے والا تقریباً 17 لاکھ 40 ہزار ناظرین کا سابقہ ریکارڈ چار گنا سے بھی زیادہ فرق سے پیچھے چھوڑ دیا۔ دیگر مقبول گیمز میں ہاگ وارٹس لیگیسی کے 13 لاکھ 60 ہزار، سائبر پنک 2077 کے 13 لاکھ 20 ہزار اور ایلڈن رنگ کے تقریباً 10 لاکھ 40 ہزار ناظرین ریکارڈ کیے گئے تھے۔

عالمی ریلیز سے پہلے ہی بڑی کامیابی
GTA 6 کی غیر معمولی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس نے یہ ریکارڈ عالمی سطح پر مکمل دستیابی سے پہلے قائم کیا۔ مختلف ٹائم زونز کے باعث نیوزی لینڈ میں صارفین کو 18 نومبر سے گیم تک رسائی مل گئی تھی جبکہ دیگر خطوں میں اس کی ریلیز 19 نومبر کو ہونا تھی۔

ٹوئچ پر لیگ آف لیجنڈز کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا
اسٹریمز چارٹس کے مطابق ٹوئچ پر GTA 6 کے بیک وقت ناظرین کی تعداد تقریباً 32 لاکھ 90 ہزار تک پہنچ گئی جس کے ساتھ اس نے لیگ آف لیجنڈز کا 2022 کی عالمی چیمپئن شپ کے فائنل میں قائم ہونے والا 31 لاکھ 10 ہزار ناظرین کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
گیم کی عالمی ریلیز کے بعد اب گیمنگ حلقوں میں مزید نئے ریکارڈز قائم ہونے کی توقعات ظاہر کی جارہی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








