جنوبی امریکا کے ملک وینزویلا میں زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 165سے زائد ہوگئی ہے جبکہ سیکڑوں افراد زخمی ہیں اور بے شمار ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور مدد کیلئے پکار رہے ہیں۔ امریکا، ایران اور اسپین سمیت متعدد ممالک نے وینزویلا کو مدد کی پیشکش کردی۔
تفصیلات کے مطابق وینزویلا میں ہزاروں اموات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ وینزویلا میں پہلا زلزلہ 7.1شدت کا جبکہ اس کے چند منٹ بعد 7.5شدت کا ایک اور زلزلہ آیا۔ مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے آنے والے زلزلے نے بے شمار عمارتوں کو زمین بوس کردیا۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں وینزویلا کے دارالحکومت کراکس سمیت مختلف شہر لرز اٹھے، درجنوں عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں اور بڑی تعداد میں عوام ملبے تلے دب گئے۔ وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈ ریگز نے زلزلے کو قومی سانحہ قرار دے دیا ہے۔
قائم مقام صدر وینزویلا کاک کہنا ہے کہ زلزلے سے کراکس کے مرکزی مائی کیٹیا ائیرپورٹ کو شدید نقصان پہنچا جبکہ زلزلے کے نتیجے میں 167افراد ہلاک جبکہ 970 سے زائد زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی۔ وینزویلا حکومت نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں شروع کردیں۔
امداد کی پیشکش
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا وینزویلا میں زلزلے سے ابتدائی رپورٹ پر تشویش کا اظہار کرتے وہئے کہنا ہے کہ زلزلے کی رپورٹ اچھی نہیں ہے، بڑی تعداد میں لوگ ہلاک ہوئے ہیں، امریکی اداروں کو فوری امداد کی ہدایت کی ہے۔
ایران نے بھی وینزویلا میں ہلاکت خیز زلزلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قدرتی آفت سے متاثرہ افراد کو بچانے کیلئے امدادی کارروائیوں میں مدد کی پیشکش کی۔ ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ وینزویلا میں امداد کیلئے ایران ہر قسم کی مدد کرنے کیلئے تیار ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں وینزویلا کی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اسی طرح اسپین نے بھی وینزویلا میں زلزلوں کے بعد فوج کا امدادی دستہ بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ ہسپانوی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ ہنگامی دستے کے 54فوجی اہلکار وینزویلا میں امدادی کارروائیوں میں شامل ہوں گے جو تربیت یافتہ کتوں اور مخصوص آلات کا استعمال کریں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








