الیکٹرک بسیں نہیں چلیں گی؟ کراچی کی ٹوٹی سڑکوں نے پیپلز بس سروس بھی روک دی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی کی خستہ حال سڑکوں نے پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو بھی متاثر کرنا شروع کردیا جس کے باعث پیپلز بس سروس کے ایک اہم روٹ کو تقریباً 3 کلومیٹر مختصر کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاور ہاؤس چورنگی سے ناصر جمپ تک چلنے والی پیپلز بس سروس کے روٹ آر 3 (R3) میں تبدیلی کردی گئی ہے۔ سڑکوں کی خراب صورتحال کے پیش نظر اب بسیں اپنے سابقہ راستے کے مطابق ناصر جمپ تک جانے کے بجائے شان چورنگی سے ہی واپس روانہ ہوں گی۔

انتظامیہ کے مطابق شہر کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں پر مسلسل سفر کرنے کے باعث بسوں کو تکنیکی اور مکینیکل نقصان پہنچ رہا ہے جس سے گاڑیوں کی دیکھ بھال اور مرمت کے مسائل میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

پیپلز بس سروس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ بسیں انتہائی خراب اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں پر چلانے کے لیے تیار نہیں کی گئیں۔ سڑکوں کی مرمت اور بہتری کے لیے متعلقہ حکام کو متعدد مرتبہ آگاہ کیا جاچکا ہے تاہم صورتحال میں خاطر خواہ بہتری نہ آنے کے باعث روٹ محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر شہر کی سڑکوں کی حالت بہتر نہ بنائی گئی تو بسوں کو پہنچنے والے نقصانات کے پیش نظر دیگر روٹس پر بھی سروس محدود کرنا پڑسکتی ہے۔

اس فیصلے کے بعد متاثرہ علاقوں کے مسافروں کو اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے متبادل سفری ذرائع اختیار کرنا پڑسکتے ہیں جبکہ شہریوں کی جانب سے سڑکوں کی فوری مرمت اور پبلک ٹرانسپورٹ کی بلا تعطل فراہمی کا مطالبہ بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔

Related Posts