دو صوبے، دو فیصلے! خیبرپختونخوا میں الیکشن معطل، پنجاب میں 7 فروری کو میدان سجے گا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا عمل روکنے جبکہ پنجاب میں انتخابات کے پہلے مرحلے کے انعقاد کے لیے 7 فروری کی تاریخ مقرر کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کی صورتحال اور انتخابی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران وفاقی حکومت کی جانب سے 4 نومبر کو جاری کیے گئے حکم نامے پر بھی غور کیا گیا۔ اس سلسلے میں مذکورہ حکم کی شق نمبر 2 کا جائزہ لیا گیا جس کے تحت آئین کے آرٹیکل 140 اے کو معطل کیے جانے کا معاملہ زیر بحث آیا۔

غور و خوض کے بعد الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات روکنے کا فیصلہ جاری کردیا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اس سے قبل 28 اکتوبر کو صوبے کے ان اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی ہدایت دی تھی جو ہنگامی صورتحال سے متاثر نہیں تھے۔

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 7 فروری کو ہوگا

اجلاس میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ اس حوالے سے پنجاب کابینہ کی کمیٹی اور الیکشن کمیشن کے درمیان اجلاس ہوچکا ہے جس میں صوبائی حکومت نے 15 دسمبر سے 15 جنوری کے دوران انتخابات کروانے کی تجویز دی تھی۔

اس موقع پر چیف سیکریٹری پنجاب نے موقف اختیار کیا کہ انتخابات کے لیے ابتدائی تیاری مکمل ہے تاہم تمام انتظامی اور ضروری انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے مزید دو ماہ درکار ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دسمبر اور جنوری کے دوران شدید دھند انتخابی عمل میں مشکلات پیدا کرسکتی ہے جبکہ سرد موسم کے باعث ووٹرز کی شرکت بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

چیف سیکریٹری پنجاب نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی کہ انتخابات کے لیے 20 جنوری کے بعد کی تاریخ مقرر کی جائے۔

الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کی درخواست پر غور کرتے ہوئے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے انعقاد کے لیے 7 فروری کی تاریخ مقرر کردی۔

اس فیصلے کے بعد خیبرپختونخوا میں انتخابی عمل رک گیا ہے جبکہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے تاریخ سامنے آنے سے انتخابی سرگرمیوں کے آئندہ شیڈول کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

Related Posts