صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مقابلہ جھاری کس کے علاقے میں پیش آیا۔ ملزمان ڈکیتی کیلئے تیار تھے جب پولیس اہلکار وہاں پہنچے۔
تفصیلات کے مطابق ہری پور پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ پولیس مقابلہ ہری پور کے تھانہ کوٹ نجیب اللہ کی حدود میں ہوا۔ ملزمان جھاری کس کے علاقے میں ڈکیتی کی غرض سے موجود تھے تاہم ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔
ہری پور پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار محفوظ رہے تاہم پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران 2 مبینہ ڈاکو موقعے پر ہلاک جبکہ 2 ملزمان فرار ہوگئے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایک گاڑی برآمد ہوئی۔
تفتیشی حکام کے مطابق ہلاک اور فرار ملزمان کا ڈکیت گروہ ہری پور سمیت پنجاب کے مختلف ممالک میں درجنوں ڈکیتیوں اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔ ہلاک ملزمان کی لاشیں ٹراؤما سینٹر منتقل کردی گئی ہیں۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کارروائی جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








