خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ اور نئے انتظامی سیٹ اپ سے متعلق وفاقی حکومت کے فیصلے پر بعض شہریوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے یوم نجات اور صوبے میں تبدیلی کی امید قرار دیا ہے۔ چارسدہ میں مٹھائیاں تقسیم کرنے جبکہ پشاور میں آتش بازی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔
شہریوں کے ایک حلقے نے صوبے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ گزشتہ تیرہ برس کے دوران صوبے کو بدعنوانی، سیاسی سرگرمیوں اور ترقیاتی مسائل کا سامنا رہا۔ ان کے مطابق وفاق سے ملنے والے فنڈز عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہونے چاہییں تھے تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ صوبائی وسائل کا ایک حصہ دھرنوں اور سیاسی سرگرمیوں پر صرف کیا گیا۔
ان شہریوں نے وفاقی حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئے انتظامی بندوبست سے صوبے میں امن و امان، ترقیاتی کاموں اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دی جائے گی۔ بعض افراد نے اس فیصلے پر خوشی مناتے ہوئے مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔
چارسدہ میں مٹھائیاں تقسیم، نعرے بازی
چارسدہ سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں شہریوں کو مٹھائیاں تقسیم کرتے اور وفاقی حکومت کے حق میں نعرے لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان ویڈیوز کے حوالے سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ سرگرمیاں صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج سے متعلق اطلاعات سامنے آنے کے بعد ہوئیں۔
ایمرجنسی اور گورنر راج کا سن کر چارسدہ کی عوام نے فتنے کی قید سے تیرہ سال بعد نجات پانے پر وفاقی حکومت زندہ باد اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگانا شروع کر دیا.🇵🇰♥️
#یوم_نجات https://t.co/fNUCEqin6X— Niki Chiri♡ (@cutehunmee) October 11, 2026
پشاور میں آتش بازی کی ویڈیوز بھی وائرل
دوسری جانب پشاور میں رات گئے آتش بازی کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر بعض صارفین کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر رکن صوبائی اسمبلی جلال خان کے حجرے میں آتش بازی کی گئی جسے صوبے کی سیاسی صورت حال کے تناظر میں خوشی کے اظہار سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔
یہ یونیورسٹی روڈ پشاور ہے، جہاں ایم پی اے جلال خان کے حجرے میں زبردست آتش بازی کی گئی۔ یوتھیے گزشتہ سالوں کی ویڈیوز چلا کر یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ پشاور میں شدید احتجاج ہو رہا ہے، جبکہ یہاں یومِ نجات منایا جا رہا ہے۔ 13 سالہ کرپٹ دور کے خاتمے پر خوشیاں منائی جا رہی ہیں، آتش بازی ہو رہی ہے اور لوگ اپنے مستقبل کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کی امیدیں وابستہ کر رہے ہیں۔
— Khadim Ali khan Yousaf zai (@Alikhanyzai) October 11, 2026
نئے انتظامی بندوبست سے توقعات
وفاقی حکومت کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرنے والے شہریوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ صوبے میں انتظامی تبدیلی سے عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کو سیاسی کشیدگی کے بجائے امن، استحکام اور خوشحالی کی سمت آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








