ایشین والی بال چیمپئن شپ میں مسلسل تیسری فتح: پاکستان اپنے گروپ میں پہلے نمبر پر آگیا

تازہ ترین

تازہ ترین

والی بال
(فوٹو: جیو نیوز)

ایشین انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے اپنی شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے گروپ مرحلے میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کر لی اور ناقابلِ شکست رہتے ہوئے گروپ سی میں پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی۔

تفصیلات کے مطابق گروپ کے آخری میچ میں پاکستان نے میزبان تھائی لینڈ کو تین صفر سے شکست دے کر اپنی برتری ثابت کی۔ پاکستان نے مقابلہ 19-25، 19-25 اور 23-25 سے جیتا۔ تینوں سیٹس میں قومی ٹیم نے عمدہ دفاع، مؤثر بلاکنگ اور جارحانہ اسماشز کے ذریعے میزبان ٹیم کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔

اس فتح کے ساتھ پاکستان نے گروپ مرحلے کے تینوں میچز کامیابی سے اپنے نام کیے اور نو پوائنٹس کے ساتھ گروپ سی میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ قومی ٹیم پہلے ہی کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر چکی تھی، تاہم تھائی لینڈ کے خلاف کامیابی نے پاکستان کو گروپ کی مضبوط ترین ٹیم کے طور پر اگلے مرحلے میں پہنچا دیا۔

اس سے قبل پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں کرغزستان کو شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا ، جبکہ دوسرے میچ میں قازقستان کو بھی زیر کر کے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔ اس کے بعد تھائی لینڈ کے خلاف کامیابی نے قومی ٹیم کی فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کر دی، جس سے کھلاڑیوں کا اعتماد بھی مزید بلند ہو گیا ہے۔

خیال رہے کہ ایشین انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ ایشیا کی مضبوط جونیئر ٹیموں کے درمیان کھیلی جا رہی ہے، جہاں بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیمیں اگلے مراحل میں ٹائٹل کیلئے مقابلہ کریں گی۔ پاکستان کی مسلسل تین فتوحات نے نہ صرف اسے کوارٹر فائنل جیتنے کیلئے ایک مضبوط ٹیم بنایا بلکہ ٹائٹل کی دوڑ میں بھی قومی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی۔ شائقین کو امید ہے کہ پاکستانی نوجوان کھلاڑی اسی تسلسل کے ساتھ اگلے مرحلے میں بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے سیمی فائنل اور پھر فائنل تک رسائی حاصل کریں گے۔

Related Posts