ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی سے مون سون کی بارشیں روٹھ گئیں، محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ ساتھ کہیں کہیں صرف بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ایسے میں شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ موسلا دھار بارش کب ہوگی؟
تفصیلات کے مطابق آئندہ 1 روز کے دوران کراچی کے زیادہ تر علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور موسم مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں تیز ہوائیں چلیں گی، کہیں کہیں بوندا باندی بھی ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت شہر میں چلنے والی سمندری ہواؤں کی رفتار 18 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت 28اعشاریہ 5ڈگری رہا۔
موسلا دھار بارش کب ہوگی؟
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق اگرچہ شہر میں وقفے وقفے سے بارش یا ہلکی پھلکی پھوار کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے تاہم آئندہ 7روز کے دوران مسلسل یا موسلا دھار بارش کی توقع نہیں۔ ماہرین موسمیات کا ماننا ہے کہ مون سون کے نظام کی سمت یا شدت میں تبدیلی کی صورت میں موسم کسی بھی وقت تبدیل ہوسکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








