کراچی: وزیر اطلاعات و محنت سندھ و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ لیاری کی بہنوں اور بھائیوں کا جذبہ ہے اور یہ لیاری کی پہچان تھی۔ لیاری کے لوگ امن پسند ہیں، جمہوریت کی جدوجہد کے لیے لیاری کے لوگوں نے اپنا کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہتے ہیں کہ تم غیر مقامی ہو انکو بتانا چاہتے ہیں ہم اصل کراچی کے مقامی ہیں، ایم کیو ایم والے پہلے بھی کراچی شہر سے مخلص نہیں تھے ابھی بھی نہیں ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب لیاری میں منعقدہ جلسہ عام اور سنئیر پارٹی کے رہنما سابق وفاقی وزیر نبیل گبول کی این اے 246 کی آفس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
جلسہ عام سے پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی، نبیل گبول، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ لیاری میں پچھلے کئی سالوں سے جلسوں میں شرکت کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ لیاری میں اس جلسے میں بہت جوش و جذبہ نظر آیا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ ماضی میں لیاری کا امن خراب کیا گیا۔ ایک سازش کے تحت لیاری کی تعلیم و امن کو تباہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کراچی میں اپنی زندگی میں دیکھا کرفیو لگتا تھا لیکن اسکے باوجود کراچی شہر کا یہ علاقہ ہمیشہ کھلا رہتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں لوگ پر امن طور مل جل کر رہتے تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ یہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے کہ وہ لیاری کے پرانے ورثہ کو بحال کرائیں، سعید غنی نے کہا کہ 1906 کا نقشہ یوسف بلوچ کو دکھایا اس وقت پاکستان قائم نہیں ہوا تھا لیکن اس وقت بھی کراچی تھا اور کراچی میں صرف لیاری تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کراچی کے وارث ہیں اور ہم کو بھی کراچی کو دہشتگردی اور بربادی سے بچانا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ جو لوگ کہتے ہیں کہ تم غیر مقامی ہو انکو بتانا چاہتے ہیں ہم اصل کراچی کے مقامی ہیں۔
سعید غنی نے کہا کہ کراچی کسی مخصوص زبان بولنے والوں کا نہیں ہے، یہ سب کا شہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ترقی اور امن اس وقت تک نہیں ہوگا جب تک لیاری میں امن و ترقی نہیں ہوتی، سعید غنی نے کہا کہ سیاسی اختلاف ہوتے ہیں یہ بری بات نہیں ہے۔
لیاری سے ہی ذوالفقار علی بھٹو کھڑے ہوئے تو جیتے لیاری کے لوگ ایک تھے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کھڑی ہوئیں جیت گئیں، اس وقت بھی لیاری ایک تھا۔ آصف زرداری کھڑے ہوئے تو جیتے لیکن جب بلاول بھٹو زرداری کھڑے ہوئے تو لیاری سے ہارے اس کی وجہ لیاری کے لوگوں میں تفرقہ پیدا کیا گیا۔اسی وجہ سے بلاول بھٹو زرداری ہارے۔
مزید پڑھیں: سکشن پمپس نہ ہٹانے والی صنعتوں کے خلاف کارروائی ہوگی،گورنر سندھ