جنسی ہراسگی کے بے بنیاد الزامات،بےگناہ لیکچرار نے خودکشی کر لی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

sexual harassment case
جنسی ہراسگی کے بے بنیاد الزامات،بےگناہ لیکچرار نے خودکشی کر لی

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لاہور :ایم اے او کالج کے انگریزی کے لیکچرار افضل محمود نے ایک طالبہ کی جانب سے خود پر ہراسگی کا الزام لگائے جانے کے بعد تفتیش میں کلیئر ہونے کے باوجود کلیئرنس سرٹیفکیٹ نہ ملنے پر زہر کھا کر خود کشی کر لی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 9 اکتوبر 2019ء کو پیش آیا تھا،اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والے افضل محمود کی لاش کے ساتھ ان کی ایک تحریر بھی ملی جس میں لکھا تھا کہ وہ اپنا معاملہ اب خدا کے سپرد کر رہے ہیں۔

میری موت کے بارے میں کسی سے نہ تفتیش کریں اور نہ ہی زحمت دیں۔

پولیس اور میڈیکل رپورٹ سے بھی ثابت ہوا ہے کہ انہوں نے خود کشی کی ہے اور لکھا گیا نوٹ بھی ان کے ہاتھوں سے تحریر کیا گیا ہے۔افضل محمود کی جانب سے اس واقعے کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر عالیہ کے نام لکھے خط میں انہوں نے کہا ہے کہ اس جھوٹے الزام کی وجہ سے میرا خاندان پریشانی کا شکار ہے۔

میری بیوی بھی آج مجھے بدکردار قرار دے کر جا چکی ہے۔ میرے پاس زندگی میں کچھ نہیں بچا۔ میں کالج اور گھر میں ایک بدکردار آدمی کے طور پر جانا جاتا ہوں۔ اس وجہ سے میرے دل اور دماغ میں ہر وقت تکلیف ہوتی ہے۔افضل محمود پرطالبہ کی جانب سے ہراساں کرنے کے الزام کی تفتیش کرنے والی، ایم اے او ہراسمنٹ کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر عالیہ رحمان نے تصدیق کی کہ افضل پر لگنے والا الزام تفتیش میں جھوٹا ثابت ہوا تھا۔

ڈاکٹر عالیہ نے مزید بتایا کہ ان تک ماس کمیو نیکشن ڈیپارٹمنٹ کی ایک طالبہ کی درخواست پہنچی تھی۔جس میں درج تھا کہ سر افضل لڑکیوں کو گھور کر دیکھتے ہیں۔جب یہ کیس میرے پاس آیا تو میں نے اس لڑکی سے بات کی تو اس نے مجھے کہا کہ اصل میں سر ہمارے نمبر کاٹتے ہیں اور ہماری کلاس میں حاضری کم تھی اس لیے سر نے ہمارے نمبر کاٹ لیے۔

میں نے ان سے کہا کہ اس بات کو سائیڈ پر کریں اور ان کے کریکٹر کی بات کریں اور یہ بتائیں کہ افضل نے ان کے ساتھ کبھی کوئی غیر اخلاقی بات یا حرکت کی؟ جس پر الزام لگانے والی طالبہ نے جواب دیا کہ نہیں مجھے تو نہیں کہا لیکن میری کلاس کی لڑکیاں کہتی ہیں کہ وہ ہمیں گھورتے ہیں۔ڈاکٹر عالیہ کے مطابق انہوں نے انکوائری مکمل کرنے کے بعد انکوائری رپورٹ میں یہ لکھ دیا کہ افضل کے اوپر غلط الزامات لگائے گئے ہیں اور وہ معصوم ہیں۔ میں نے اپنی انکوائری رپورٹ میں یہ لکھا تھا کہ افضل بے قصور ہیں، اس لڑکی کو وارننگ جاری کی جائے اور اسے سختی سے ڈیل کیا جائے۔

دوسری جانب کالج کے پرنسپل ڈاکٹر فرحان عبادت نے اس بات کا اعتراف کیا کہ میں نے کلیئرنس خط افضل کو جاری نہیں کیا کیونکہ میں سمجھا کہ ڈاکٹر عالیہ نے افضل کو بتا دیا ہوگا۔

Related Posts