لیموں کی قیمت میں ہوشربا اضافہ، 1100روپے فی کلو فروخت ہونے لگا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

لیموں کی قیمت
(فوٹو: پکسا بے)

اسلام آباد: گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث گزشتہ 1 ماہ کے دوران لیموں کی قیمت میں 150 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے جس سے لیموں 1ہزار سے 1100روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا۔

تفصیلات کے مطابق اپریل کے دوران لیموں خوردہ مارکیٹ میں 200-300 روپے فی کلو میں دستیاب تھا۔گرمی کی شدت کی وجہ سے لوگ اپنی پیاس بجھانے کیلئے مشروبات میں لیموں کا استعمال کرتے ہیں تاہم بارشیں کم ہونے کے باعث پنجاب اور سندھ میں لیموں کی پیداوار کم رہی۔

پنجاب کے مختلف شہروں سرگودھا، ساہیوال، سیالکوٹ اور ملتان کے علاوہ سندھ کے شہر سکھر، خیرپور اور نوابشاہ میں کم بارشوں کے باعث لیموں کی پیداوار میں کمی دیکھنے میں آئی۔تاجر برادری کا کہنا ہے کہ مختلف شہروں میں اچھے معیار کا لیموں موجود ہے تاہم سپلائی طلب کے مطابق نہیں۔

پاکستان میں بڑے پیمانے پر لیموں کی کاشت کی جاتی ہے اور مقامی پیداوار سے ملکی ضروریات پوری ہوتی ہیں۔ پنجاب اپنے موزوں موسمی حالات کی وجہ سے لیموں کی 95 فیصد مانگ پوری کرتا ہے لیکن بڑھتی ہوئی طلب کی وجہ سے ہر موسم گرما میں قیمت بڑھانے کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔

لیموں کی پیداوار کم اور طلب زیادہ ہونے کے باعث عوام ایک سستے پھل سے محروم ہو گئے جس کی مدد سے گرمی کا زور توڑنے کیلئے مشروب بنائے جاتے ہیں۔ مختلف شہروں میں لیموں کی جگہ لیموں سمیت دیگر پھلوں کے مصنوعی فلیورز استعمال کیے جارہے ہیں جو اس کا عارضی متبادل کہے جاسکتے ہیں۔

Related Posts