متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے 10ارب ڈالر مختص

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

متحدہ عرب امارات
(فوٹو: ای ٹریبیون)

دبئی: متحدہ عرب امارات  نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے 10 ارب ڈالر کی خطیر رقم مختص کردی ہے جبکہ یہ فیصلہ اماراتی صدر کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد سامنے آیا۔

نجی ٹی وی (جیو نیوز) کا کہنا ہے کہ اماراتی سرکاری خبر ایجنسی وام کی رپورٹ کے مطابق  متحدہ عرب امارات کی حکومت نے پاکستان میں اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے 10 ارب ڈالر مختص کرنےکا فیصلہ کیا۔ یہ اعلان آج  اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات کے بعد ہوا۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات  کے صدر شیخ محمدبن زاید النہیان سے ملاقات کی جس میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ  اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر دفاع خواجہ آصف اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے پاک عرب امارات تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر کے ساتھ شیخ طحنون بن محمد النہیان اور شیخ حزہ بن سلطان النہیان کی وفات پر تعزیت بھی کی۔ اس دوران دونوں ممالک کے مابین  سیاسی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے یو اے ای کے ساتھ  تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران اماراتی صدر نے وزیراعظم کو پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کو پاکستان میں توانائی، پورٹ آپریشنز منصوبوں، غذائی تحفظ، مواصلات، معدنیات، بینکنگ اور مالیاتی سروسز کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی تھی۔

Related Posts