جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما قاری محمد عثمان نے وفاقی وزیر مذہبی امور اور جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما ممتاز عالم دین مفتی عبدالشکور کی المناک حادثے میں شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفتی عبدالشکور کے سانحہ ارتحال پر جمعیت علماء اسلام کے لاکھوں کارکن، دینی مدارس کے لاکھوں علماء، طلباء سمیت اسلام اور پاکستان سے گہری محبت رکھنے والا ہر فرد دکھی اور غمزدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مفتی عبد الشکور نے اپنی زندگی اسلام کی سربلندی، مسلمانوں کی فلاح و بہبود، دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے وقف کررکھی تھی۔ وہ زمانہ طالبعلمی سے مسلمانوں اور انسانیت کی خدمت کے جذبہ سے سرشار تھے، یہی وجہ تھی کہ جب انہیں وزارت مذہبی امور کی ذمہ داری کیلئے منتخب کیا گیا تو انہوں نے اسے چیلنج سمجھ کر قبول کیا اور محنت سے اپنے فرائض انجام دیے۔
یہ بھی پڑھیں:
مسجد نبوی میں نصب دیو ہیکل چھتریاں کیسے کام کرتی ہیں، دیکھئے دلچسپ ویڈیو
انہوں نے کہا کہ مفتی عبدالشکور میں اکابرین امت کی جھلک واضح نظر آرہی تھی۔ آج کی تاریخ میں پوری دنیا میں ایسا درویش صفت انسان نہیں ملے گا جو ساڑھے 4 سال قومی اسمبلی کے رکن اور ایک سال سے وفاقی وزیر رہنے کے باوجود مٹی کے کچے گھر میں رہتا تھا۔
قاری محمد عثمان نے کہا کہ مفتی عبدالشکور کی المناک حادثے میں شہادت سے جمعیت علماء اسلام اور اسلامیان پاکستان خصوصا انکے خاندان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے مگر موت اللہ تعالٰی کا امر اور حقیقت ہے۔ اللہ تعالٰی انکے خاندان، جمعیت علماء اسلام، دینی مدارس کے علماء کرام اور طلباء عظام کو صبر جمیل عطاء فرمائے اور مفتی صاحب کی کروٹ کروٹ مغفرت فرمائے۔
علاوہ ازیں جامعہ عثمانیہ شیرشاہ میں مفتی عبدالشکور کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور اجتماعی دعائے مغفرت کی گئی۔