اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے فنانس بل 27-2026 کی منظوری دیتے ہوئے بل پر دستخط کردئیے ہیں جس کے ساتھ ہی آئندہ مالی سال 27-2026 کا بجٹ جولائی سے نافذ العمل ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر مملکت نے فنانس بل کی منظوری وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر دی۔ صدارتی دستخط شدہ بل اب گزٹ نوٹیفکیشن کیلئے پرنٹنگ کارپوریشن کو ارسال کیا جائے گا۔ 18 ہزار ارب سے زائد حجم کے حامل وفاقی بجٹ پر عملدرآمد کا آغاز یکم جولائی سے ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق حکام کا ماننا ہے کہ بجٹ میں شامل مالیاتی اقدامات اور فیصلے بھی اسی تاریخ سے نافذ العمل تصور ہوں گے۔ حکومت نے فنانس بل کے تحت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7فیصد اضافے کا فیصلہ کیا تھا۔ ٹیکسز اور ڈیوٹیز میں ردوبدل بھی یکم جولائی سے نافذ ہوگا۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے صدر مملکت کی منظوری حاصل کرنے کیلئے فنانس بل گزشتہ روز ایوان صدر بھجوایا گیا تھا۔ صدر مملکت کی منظوری کے بعد فنانس بل 27-2026 قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو واپس موصول ہوگیا۔
فنانس ایکٹ 27-2026کا نفاذ وفاقی حکومت کیلئے نئے مالی سال کے اہداف حاصل کرنے کیلئے بجٹ میں شامل ترقیاتی و مالی منصوبوں پر عملدرآمد کے آغاز کا اہم سنگ میل ہے۔ حکام کا ماننا ہے کہ فنانس بل کی منظوری کے بعد بجٹ کا نفاذ وفاقی حکومت کیلئے ایک اہم کامیابی ہوگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








