وفاقی حکومت نے ملک میں کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن متعارف کروانے کی منظوری دے دی ہے جبکہ 10 روپے کے کاغذی نوٹ کی جگہ نیا سکہ جاری کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں وزارتِ خزانہ کی سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دی گئی۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں کابینہ کو نئے کرنسی نوٹوں کی تیاری اور ڈیزائن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ نئے نوٹوں کی تیاری کے لیے ملک بھر کے مصوروں اور ڈیزائنرز سے تجاویز طلب کی گئی تھیں جبکہ وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ کابینہ کمیٹی نے متعلقہ اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد سفارشات مرتب کیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ نئے کرنسی نوٹوں میں جعل سازی کی روک تھام کے لیے جدید سکیورٹی فیچرز شامل کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور بہتر معیار کا میٹریل استعمال کیا جائے گا، جس سے نوٹوں کی پائیداری اور استعمال کی مدت میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
وفاقی کابینہ نے 10 روپے کے موجودہ کاغذی نوٹ کو مرحلہ وار تبدیل کرکے اس کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کروانے کی بھی منظوری دے دی ہے۔
حکومتی فیصلے کے تحت نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹوں کی تیاری اور اجرا سے متعلق آئندہ مراحل متعلقہ ادارے مکمل کریں گے۔ نئے نوٹوں کے اجرا کی حتمی تاریخ اور پرانے نوٹوں کی تبدیلی سے متعلق تفصیلات تاحال جاری کردہ اعلامیے میں واضح نہیں کی گئیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








