بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 17 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تاہم فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان بھی شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع کچھی میں کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ قرار دیے جانے والے 10 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ضلع خاران میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی جس کے نتیجے میں مزید 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے سپاہی حکمت اللہ نے جامِ شہادت نوش کیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 30 اکتوبر کو بلوچستان میں دہشت گرد گروہ فتنہ الہندوستان کی جانب سے ڈرون حملے کی کوشش ناکام بنائی گئی تھی جس کے دوران پانچ ڈرون مار گرائے گئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








