کراچی کی مصروف ترین شاہراہ شارع فیصل پر ناتھا خان پل کے قریب تیز رفتار ویگو ڈالے کی غفلت کے نتیجے میں ایک بڑا ٹریفک حادثہ پیش آ گیا جس کی زد میں آ کر بچوں کی اسکول وین سمیت چار گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں تاہم خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس وقت رونما ہوا جب ایک تیز رفتار ویگو ڈالے نے آگے چلنے والی گاڑی کو انتہائی خطرناک طریقے سے سائیڈ سے دبانے کی کوشش کی۔ اس دوران اچانک ہونے والی اس ہنگامہ آرائی پر ایک کار ڈرائیور نے خود کو بچانے کے لیے ایمرجنسی بریک لگا دی جس کے باعث پیچھے آنے والی گاڑیاں ایک دوسرے سے جا ٹکرائیں۔
حادثے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اسکول وین کا اگلا حصہ اور ڈرائیور کی سائیڈ کا دروازہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ سب سے تشویشناک بات یہ تھی کہ اس وین میں دو سے آٹھ سال کی عمر کے معصوم اسکول کے بچے اور بچیاں سوار تھے۔ حادثے کے فورا بعد بچوں میں چیخ پکار مچ گئی اور وہ شدید خوف و ہراس کا شکار ہوگئے۔
موقع پر موجود شہریوں نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت حرکت میں آتے ہوئے بچوں کو تباہ شدہ وین سے باہر نکالا۔ اس ہولناک حادثے میں معجزانہ طور پر تمام بچے اور عملہ محفوظ رہا بعد ازاں شہریوں اور مسافروں نے اسکول وین کے ڈرائیور کی حاضر دماغی اور بروقت حکمتِ عملی کو سراہا جس کی پھرتی نے کسی بڑے جانی نقصان کو ہونے سے روک دیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








