ایران کے دارالحکومت تہران میں ایک دکاندار ان دنوں سوشل میڈیا پر غیر معمولی شہرت حاصل کر رہا ہے جس کی وجہ اس کی شکل کا اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے حیرت انگیز حد تک مشابہ ہونا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خشک میوہ جات، گری دار میوے اور مٹھائیاں فروخت کرنے والا یہ دکاندار اپنی دکان میں ترازو کے پیچھے بیٹھا ہوا ہے۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد صارفین نے اس کے چہرے کے نقوش، بالوں کی ساخت اور تاثرات کو نیتن یاہو سے ملانا شروع کردیا۔
دیکھتے ہی دیکھتے یہ ویڈیو ایرانی اور عرب سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے لگی، جہاں صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے، مزاحیہ پوسٹس اور دونوں کے درمیان مشابہت پر مختلف انداز میں گفتگو کی جانے لگی۔
بعض سوشل میڈیا صارفین نے دکاندار کی دکان کا پتا لگانے کی کوشش بھی کی جبکہ کچھ افراد نے مزید ویڈیوز شیئر کرکے اس کی نیتن یاہو سے مشابہت کو موضوعِ بحث بنایا۔
یہ معاملہ صرف مزاحیہ تبصروں تک محدود نہیں رہا بلکہ ترک میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بعض سوشل میڈیا صارفین نے محض نیتن یاہو سے شکل ملنے کی وجہ سے اس دکان کے بائیکاٹ کی اپیل بھی کردی۔
رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ سوشل میڈیا پر غیر متوقع شہرت اور بائیکاٹ کی مہم کے باعث دکاندار کا کاروبار متاثر ہوا ہے۔ بعض اطلاعات کے مطابق دکاندار نے اس صورت حال پر ناراضی اور پریشانی کا اظہار بھی کیا ہے تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

دوسری جانب عرب میڈیا میں بھی اس ویڈیو کو خاصی توجہ حاصل ہوئی ہے۔ بعض رپورٹس میں اسے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ کردار کے بجائے ایک حقیقی دکاندار کی ویڈیو قرار دیا گیا ہے تاہم اب تک ویڈیو کے اصل ماخذ، ریکارڈنگ کی تاریخ اور دکاندار کی شناخت کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے باعث دونوں ممالک سے متعلق سیاسی شخصیات اور واقعات پر عوامی ردعمل خاصا حساس ہوچکا ہے۔
سوشل میڈیا پر عام افراد کی معروف سیاسی شخصیات سے مشابہت اکثر دلچسپ اور مزاحیہ تبصروں کا سبب بنتی ہے تاہم تہران کے اس دکاندار کا معاملہ ظاہر کرتا ہے کہ سیاسی کشیدگی کے اثرات بعض اوقات ایسے افراد تک بھی پہنچ سکتے ہیں جن کا سیاست سے براہِ راست کوئی تعلق نہیں ہوتا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








