نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنے نام، لوگو، مونوگرام اور دیگر شناختی علامات کی غیر مجاز نقل یا استعمال کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا انتباہ جاری کردیا ہے۔
نادرا کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کردہ عوامی نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ ادارے کا نام، مخفف، لوگو، مونوگرام، ٹریڈ مارک اور اس سے متعلق دیگر مواد قانونی طور پر نادرا کی ملکیت ہیں۔
1/6
اطلاعِ عام
نادرا کا نام(نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی-National Database and Registration Authority) ، مخفف (نادرا -NADRA)، لوگو، نشان، مارکہ اور دیگر متعلقہ مواد اس کی قانونی ملکیت (Intellectual Property) ہیں۔— NADRA (@NadraPak) November 10, 2026
ادارے کے مطابق اس کی تحریری اجازت کے بغیر مذکورہ ناموں اور علامات کو استعمال کرنا، ان کی نقل تیار کرنا یا انہیں اپنی شناخت کے طور پر پیش کرنا غیر قانونی اور ممنوع ہے۔
نادرا نے واضح کیا ہے کہ یہ پابندی صرف کسی ایک شعبے تک محدود نہیں بلکہ پرنٹ میڈیا، الیکٹرانک میڈیا، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا سمیت تمام ذرائع ابلاغ پر لاگو ہوتی ہے۔
عوامی نوٹس میں مزید خبردار کیا گیا ہے کہ نادرا کی شناخت اور متعلقہ علامات کا غیر مجاز استعمال کرنے والے افراد کو قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس میں تین سال تک قید، جرمانہ یا دونوں سزائیں شامل ہوسکتی ہیں۔
ادارے نے واضح کیا ہے کہ اس کی شناخت سے متعلق کسی بھی مواد کو استعمال کرنے کے لیے باقاعدہ تحریری اجازت حاصل کرنا ضروری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








