ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز، 16 رکنی قومی اسکواڈ کااعلان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیریز میں شامل تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔ یہ میچز آٹھ، 10 اور 12 جون کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی کی جانب سے اعلان کردہ اسکواڈ میں تین اوپنرز، تین مڈل آرڈر بیٹرز، دو وکٹ کیپرز، تین اسپنرز اور پانچ فاسٹ باؤلرز شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:قومی ٹیم کی سابق کھلاڑی نین عابدی کی 37ویں سالگرہ، کرکٹ بورڈ کی مبارکباد

پی سی بی کی جانب سے جن کھلاڑیوں کا اعلان کی گیا ہے اُن میں بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث (وکٹ کیپر بیٹر)، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر بیٹر)، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دہانی اور زاہد محمود شامل ہیں۔

مزید برآں سیریز کے تربیتی کیمپ کے لیے قومی اسکواڈ یکم جون کو راولپنڈی میں رپورٹ کرے گا۔ انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں مصروف وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان، حسن علی، شاداب خان اور حارث رؤف بھی مقررہ وقت پر وطن واپس پہنچ جائیں گے۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ چونکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ  سپر لیگ کا حصہ ہیں، اسی لئے ٹیم میں دستیاب بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ سیریز مینیجڈ انوائیرنمنٹ میں نہیں کھیلی جارہی، لہٰذا ضرورت پڑنے  پر کھلاڑیوں کو مختصر وقت میں بھی طلب کیا جاسکتا ہے۔ محمد نواز اور شاداب خان کے مکمل فٹ ہونے کی وجہ سے آصف آفریدی اور عثمان قادر کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔