سی پیک پر خدشات، پاکستان نے چینی سفیر کا بیان حیران کن قرار دے دیا

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

سی پیک
(فوٹو: مشرق ٹی وی)

اسلام آباد: پاکستان نے سی پیک پر خدشات کے تناظر میں چینی سفیر زائی ڈونگ کے بیان کو حیران کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیان پاک چین سفارتی روایات کا عکاس نہیں ہے۔

چینی سفیر کے بیان پرردِ عمل دیتے ہوئے میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ چینی سفیر زائی ڈونگ کا بیان حیرت انگیز ہے اور دوطرفہ سفارتی روایات کی عکاسی نہیں کرتا۔ غیر ملکی سفیر ہمارے مہمان اور ملکی ترقی میں کردار ادا کررہے ہیں۔

بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حکومت دفتر خارجہ کی جانب سے کسی غیر ملکی سفیر یا سفیروں کے گروپ کے دوسرے شہر میں دورے کے پروٹوکول سخت کررہی ہے۔ پاکستان چینی باشندوں، منصوبوں اور کمپنیوں کو بھرپور تحفظ دینے کیلئے پر عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ “پاکستان میں چینی باشندوں کے حوالے سے افسوسناک واقعات پیش آئے، ہم نے ماضی کے واقعات پر تحقیقات کی تفصیلات چینی انتظامیہ سے شیئر کی ہیں”۔ واضح رہے کہ اس سے قبل چینی سفیر نے کہا تھا کہ چینی شہریوں کی سکیورٹی سی پیک آگے بڑھانے میں رکاوٹ ہے۔

سفیرِ چین زائی ڈونگ نے گزشتہ روز اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران کہا کہ چینی شہریوں کی سکیورٹی کے بغیر سی پیک آگے نہیں چل سکتا۔ گزشتہ 6 ماہ میں دو مہلک حملے ناقابلِ قبول ہیں، پاکستان کو چین مخالف دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنا ہوگا۔ پروگرام کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے بغیر آگے نہیں بڑھاسکتے۔

Related Posts