اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ای پاسپورٹ سہولیات میں توسیع کا منصوبہ، اہم پیشرفت

تازہ ترین

تازہ ترین

اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ای پاسپورٹ سہولیات کے توسیعی منصوبے کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آگئی۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت سینئر افسران کا اہم اجلاس ہوا، جس میں محکمے کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی اور جاری منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ای پاسپورٹ کے جدید حفاظتی نظام اور بین الاقوامی معیار کے مطابق سکیورٹی خصوصیات کے حوالے سے افسران کو بریفنگ دی گئی، جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ای پاسپورٹ سہولیات کی توسیع کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کو ای پاسپورٹ سہولیات تک رسائی مزید آسان بنانے اور درخواست و اجرا کے طریقہ کار کو زیادہ مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے ادارے میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے عمل کو مزید تیز کرنے اور کارکردگی بہتر بنانے پر زور دیا۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو قانونی اصلاحات اور پالیسی ریفارمز کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے مختلف اقدامات کے لیے مخصوص ذمہ داریاں بھی سونپ دیں۔

محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں اور اقدامات کو بروقت، مؤثر اور نتیجہ خیز انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ سے متعلق سہولیات کے حصول میں مزید آسانی فراہم کی جاسکے۔

Related Posts