پاک ترک قیادت کا مسئلۂ فلسطین عالمی سطح پر اٹھانے کیلئے مشترکہ کاوشوں پر اتفاق

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد: پاکستان اور ترکی کے سربراہانِ مملکت نے مسئلۂ فلسطین کو عالمی سطح پر اٹھانے کیلئے مشترکہ کاوشوں کو بروئے کار لانے پر اتفاق کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردگان نے وزیرِ اعظم عمران خان کو فون کیا۔ باہمی گفتگو کے دوران دونوں سربراہانِ مملکت نے اسرائیل کو غزہ اور مسجدِ اقصیٰ پر حملوں سے روکنے کیلئے مشترکہ کاوشوں پر اتفاق کیا۔

ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دونوں سربراہانِ مملکت نے مسئلۂ فلسطین پر اقوامِ متحدہ میں آواز بلند کرنے پر اتفاق کیا تاکہ اسرائیل کو اس کے جارحانہ عزائم سے باز رکھا جاسکے۔ اس دوران پاک ترکی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

باہمی گفتگو کے دوران یہ بھی طے کیا گیا کہ پاک ترک وزرائے خارجہ مسئلۂ فلسطین کے حل کیلئے مل کر کام کریں گے تاکہ اقوامِ متحدہ میں بین الاقوامی تنازعے کے حل پر پیش رفت ممکن بنائی جاسکے۔

ترک صدر اور وزیرِ اعظم عمران خان کی باہمی گفتگو میں خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، پاک ترکی تعلقات اور دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاقِ رائے پایا گیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہم افغان امن عمل کی حمایت جاری رکھیں گے۔ 

یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان نے سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز سے ٹیلیفونک گفتگو کی ہے جس کے دوران مقبوضہ فلسطین پر اسرائیل کے بلا اشتعال حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔

 وزیرِ اعظم نے سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز کو فون کیا اور پاک سعودی عرب تعلقات کے علاوہ خطے کی صورتحال بالخصوص مقبوضہ فلسطین پر جاری اسرائیلی حملوں پر بات چیت کی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کا سعودی فرمانرواکو فون، فلسطین پراسرائیلی حملوں کی مذمت