امریکی صدر کینیڈی کے قتل کو 63 برس بیت گئے! جانیں 22 نومبر 1963 کا افسوسناک واقعہ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

امریکی تاریخ کے سیاہ ترین واقعات میں 22 نومبر 1963 کا دن آج بھی یاد کیا جاتا ہے جب امریکہ کے 35ویں صدر جان ایف کینیڈی کو ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں ایک عوامی دورے کے دوران فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ اس وقت ان کی عمر صرف 46 برس تھی۔

صدر کینیڈی اپنی اہلیہ جیکولین کینیڈی کے ہمراہ کھلی چھت والی گاڑی میں ڈیلاس کی سڑکوں سے گزر رہے تھے کہ دوپہر تقریباً 12 بج کر 30 منٹ پر فائرنگ کا نشانہ بن گئے۔ حملے میں ٹیکساس کے گورنر جان کونالی بھی زخمی ہوئے۔ صدر کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے تقریباً آدھے گھنٹے بعد ان کی موت کی تصدیق کردی۔

Photo, britannica

واقعے کے بعد نائب صدر لنڈن بی جانسن نے اسی روز ایئر فورس ون میں امریکہ کے 36ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ اس غیر معمولی تقریب میں جیکولین کینیڈی بھی موجود تھیں۔

مشتبہ حملہ آور اور ایک اور قتل

تحقیقات کے دوران لی ہاروے اوسوالڈ کو مرکزی ملزم قرار دیا گیا جسے صدر پر حملے کے بعد پولیس اہلکار جے ڈی ٹپٹ کے قتل کے الزام میں بھی گرفتار کیا گیا تاہم 24 نومبر کو پولیس کی تحویل میں منتقلی کے دوران جیک روبی نامی شخص نے ٹیلی وژن کیمروں کے سامنے اسے گولی مار کر ہلاک کردیا۔

Photo, CNN

تدفین اور سازشی نظریات

25 نومبر کو صدر کینیڈی کی سرکاری تدفین آرلنگٹن نیشنل قبرستان میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ کی گئی۔ تقریب میں دنیا کے 99 ممالک کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ ان کی اہلیہ نے قبر پر دائمی شعلہ روشن کیا جو آج بھی ان کی یادگار ہے۔

PHoto, The Globe and Mail

1964 میں وارن کمیشن نے قرار دیا کہ اوسوالڈ نے اکیلے کارروائی کی تھی اور کسی بڑی سازش کے شواہد نہیں ملے تاہم 1978 میں امریکی ایوان نمائندگان کی خصوصی کمیٹی نے قتل میں سازش کے امکان کو مسترد نہیں کیا۔

چھ دہائیوں سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود جان ایف کینیڈی کا قتل امریکی تاریخ کا ایسا معمہ ہے جس پر بحث آج بھی جاری ہے۔

Related Posts