پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو چین میں منفرد انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے جہاں ان کا 7 میٹر بلند مجسمہ نصب کرنے کے ساتھ ان کے نام سے منسوب خصوصی میوزیم بھی عوام کے لیے متعارف کرا دیا گیا۔
شنگھائی میں ایک میوزیم کے باہر نصب کیے گئے مجسمے میں رونالڈو کو ان کے مشہور ’سیوو‘ جشن کے انداز میں دکھایا گیا ہے جبکہ انہوں نے پرتگال کی نمبر 7 والی جرسی پہن رکھی ہے۔ رونمائی کی تقریب میں بڑی تعداد میں فٹبال شائقین نے شرکت کی اور اپنے پسندیدہ کھلاڑی کے مخصوص انداز میں جشن منایا۔
رونالڈو خود تقریب میں شریک نہیں ہوئے، تاہم ان کے بڑے بھائی ہیوگو ایویرو اور قریبی دوست میگوئل پائیکساو نے تقریب میں شرکت کی۔
🚨A new Cristiano Ronaldo statue in china which was unveiled by his brother Hugo https://t.co/7UxM0xyny2
— Baller HQ (@FootballerHQ) November 21, 2026
اس موقع پر تقریباً 3 ہزار مربع میٹر رقبے پر قائم سی آر 7 میوزیم کا بھی افتتاح کیا گیا جس میں 10 خصوصی حصے بنائے گئے ہیں۔ یہاں رونالڈو کے شاندار فٹبال کیریئر سے وابستہ 40 سے زائد یادگار اشیا، ٹرافیاں، جرسیز اور فٹبال شوز نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔
میوزیم کی ایک خاص بات رونالڈو کے آبائی علاقے مڈیرا میں واقع ان کے بچپن کے کمرے کی طرز پر تیار کیا گیا حصہ بھی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق رونالڈو کا مجسمہ دسمبر 2026 کے اختتام تک نمائش کے لیے موجود رہے گا جبکہ میوزیم کو ایک سال تک کھلا رکھنے کا منصوبہ ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








