بحیرہ بالٹک میں روسی فوج سے مبینہ تعلق رکھنے والے کارگو جہاز اسپارٹا ٹو پر ڈرون حملے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد جہاز بہتے ہوئے فن لینڈ کی سمندری حدود میں داخل ہوگیا۔ فن لینڈ حکام نے حملے میں یوکرین کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جہاز روسی جزیرے گوگ لینڈ کے مغرب میں بین الاقوامی پانیوں میں موجود تھا اور روس کے علاقے کالینن گراڈ جا رہا تھا کہ دو ڈرونز نے اسے نشانہ بنایا۔
فن لینڈ کے بارڈر گارڈ حکام کے مطابق جہاز پر سوار تمام 16 افراد نے لائف بوٹس کے ذریعے اپنی جانیں بچائیں بعدازاں انہیں ایک قریبی روسی جہاز پر منتقل کردیا گیا۔
فن لینڈ کی مسلح افواج کے ترجمان آکی موری ہوہٹینن نے حملے میں یوکرین کے ملوث ہونے کا امکان ظاہر کیا تاہم جہاز کو نشانہ بنانے کی وجہ واضح نہیں ہوسکی۔
حکام کے مطابق امدادی کارروائیوں کی نگرانی فن لینڈ کررہا ہے، جبکہ سویڈن نے بھی جنگی طیاروں کے ذریعے فن لینڈ اور نیٹو کی فضائی و علاقائی سلامتی میں معاونت کی۔ ایسٹونیا نے آگ بجھانے اور سمندری آلودگی سے نمٹنے کے لیے اپنا بحری جہاز بھی روانہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق اسپارٹا ٹو امریکی پابندیوں کی زد میں ہے اور روسی کمپنی اوبورون لاجسٹکس کی ملکیت ہے جو روسی وزارت دفاع کو خدمات فراہم کرتی ہے۔ جہاز میں فوجی سازوسامان کی موجودگی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








