ڈرائیونگ لائسنس ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں! خیبرپختونخوا میں ای لائسنس متعارف

تازہ ترین

تازہ ترین

خیبرپختونخوا میں ڈرائیونگ لائسنس کے نظام کو جدید بنانے کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں پولیس نے صوبے بھر میں ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت متعارف کروا دی ہے۔

نئے نظام کے تحت شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی ہارڈ کاپی ہر وقت اپنے ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ شہری موبائل فون کے ذریعے متعلقہ ایپ پر اپنا شناختی کارڈ نمبر درج کرکے چند لمحوں میں اپنا ای لائسنس حاصل کرسکیں گے۔

پشاور ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ موبائل فون پر موجود ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کو قابلِ قبول قانونی دستاویز کے طور پر تسلیم کیا جائے۔ اس سہولت کے باعث شہریوں کو صرف لائسنس کی ڈیجیٹل کاپی پیش کرنے پر جرمانے کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) پشاور ڈاکٹر محمد زاہد کے مطابق ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا ٹریفک پولیس کے نظام میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید ڈیجیٹل نظام سے شہریوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس تک رسائی آسان ہوگی جبکہ ٹریفک سے متعلق خدمات کو مزید سہل اور جدید بنانے میں بھی مدد ملے گی

Related Posts