کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں قانون کا شکنجہ ایک ایسے مکروہ کردار پر کس گیا جس نے موبائل فون کے ذریعے رشتوں کا جال بُن کر ایک معصوم خاتون کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو دبوچ لیا ہے جس نے جھوٹے نکاح اور شادی کے فریب تلے انسانیت سوز وارداتوں کا ارتکاب کیا۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق سفاک ملزم نے ستمبر 2025 میں جدید ٹیکنالوجی کا غلط استعمال کرتے ہوئے موبائل فون کے ذریعے خاتون سے مبینہ نکاح کا ناٹک رچایا۔ اس کے بعد ملزم نے باقاعدہ شادی کا جھانسہ دے کر متاثرہ خاتون کو اپنے فریب میں الجھایا اور موقع پا کر اسے مبینہ طور پر تین مرتبہ زیادتی کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ خاتون کے بیان کے مطابق یہ دھوکہ دہی کا سلسلہ اس وقت ایک نئے موڑ پر پہنچا جب مارچ 2026 میں ملزم خود چل کر اس کے گھر آیا اور وہاں کئی گھنٹے تک موجود رہا۔
اس ملاقات کے بعد متاثرہ خاتون پر یہ حقیقت عیاں ہوئی کہ اس نام نہاد نکاح کا دعویٰ کرنے والا ملزم نہ صرف پہلے سے ہی شادی شدہ ہے بلکہ کئی بچوں کا باپ بھی ہے جس نے محض اپنی ہوس مٹانے کے لیے یہ تمام جھوٹ گھڑا تھا۔
متاثرہ خاتون کی شکایت پر شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے واقعے کا مقدمہ تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن میں باقاعدہ درج کر لیا ہے۔
پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم کو حراست میں لے لیا ہے اور اس سے اس مکروہ دھندے اور واقعے کے حوالے سے مزید سخت تفتیش جاری ہے تاکہ تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا سکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








