ریہرسل کیلئے کمرے میں بلایا، زبردستی شراب پلائی اور پھر! اداکارہ راکیل لی کا تہلکہ خیز دعویٰ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

سابق چائلڈ اسٹار راکیل لی نے ڈزنی کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ 2001 میں فلم کی شوٹنگ کے دوران ڈزنی کے ایک سابق ملازم نے انہیں 14 سال کی عمر میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جبکہ کمپنی نے انہیں مبینہ طور پر تحفظ فراہم نہیں کیا۔

امریکی میڈیا یو ایس اے ٹوڈے کو دستیاب قانونی دستاویزات کے مطابق دی امنڈا شو سے شہرت حاصل کرنے والی راکیل لی کے وکلا کا کہنا ہے کہ 2001 میں ڈزنی چینل کی فلم دی پوف پوائنٹ کی شوٹنگ کے دوران ایک ملازم نے راکیل پر الکحل پینے کے لیے دباؤ ڈالا جس کے بعد مبینہ طور پر اسے بار بار جنسی ہراسانی اور زیادتی کا سامنا کرنا پڑا۔

مقدمے میں مبینہ ملزم کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تاہم اسے ڈزنی کا ایک درمیانی عمر کا مرد ملازم بتایا گیا ہے جو فلم کی شوٹنگ میں شامل تھا۔

39 سالہ راکیل کے مطابق فلم کی شوٹنگ کے دوران کاسٹ اور عملہ یوٹاہ کے ایک ہی ہوٹل میں مقیم تھا۔ ان کا الزام ہے کہ مذکورہ ملازم نے انہیں اور ان کے سرپرست کو مکالموں کی مشق کے بہانے اپنے کمرے میں بلایا جہاں راکیل کو الکحل استعمال کرنے پر مجبور کیا گیا۔

قانونی شکایت کے مطابق راکیل نشے کی حالت اور خراب طبیعت کے ساتھ اپنے کمرے میں واپس گئیں۔ بعد میں انہیں مبینہ طور پر اکیلے اس شخص کے کمرے میں بلایا گیا جہاں ان کے ساتھ زیادتی کی گئی۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ مبینہ ملزم عمر میں راکیل سے کم از کم دو گنا بڑا تھا۔

ڈزنی نے کیا موقف اختیار کیا؟

ڈزنی نے اس مقدمے پر فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ دوسری جانب راکیل کے وکلا ڈگلس وگڈور اور جین کم نے 22 اگست کو کہا کہ گزشتہ ایک دہائی میں متعدد چائلڈ اداکاروں نے تفریحی صنعت میں بالغ افراد کے ہاتھوں مبینہ زیادتی کے تجربات سامنے لائے ہیں۔ ان کے مطابق ایسے واقعات ناقابل قبول ہیں اور براہ راست یا بالواسطہ طور پر ملوث افراد کا احتساب ہونا چاہیے۔

ڈزنی پر بچوں کے تحفظ میں ناکامی کا الزام

مقدمے میں ڈزنی پر یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ سیٹ پر کسی بالغ نے مبینہ زیادتی کو محسوس کیا اور نہ ہی راکیل کی مدد کی۔ قانونی شکایت میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈزنی کا سیٹ بچوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم نہیں کر رہا تھا۔

شکایت کے مطابق شوٹنگ کے دوران راکیل کو دن کے بیشتر حصے میں ان کے سرپرست سے الگ رکھا جاتا تھا اور بالغ افراد کو سرپرست کی موجودگی کے بغیر کم عمر اداکاروں سے رابطے کی اجازت تھی۔

قانونی دستاویز میں الزام لگایا گیا ہے کہ چائلڈ لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈزنی نے مذکورہ ملازم کو ایک نابالغ تک غیر محدود اور خطرناک رسائی دی جبکہ کسی نے مبینہ نامناسب رویے اور زیادتی کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔

راکیل کا ڈزنی کے ساتھ تعلق

دی پوف پوائنٹ کے بعد راکیل نے 2000 کی دہائی کے آغاز میں ڈزنی چینل کی اینیمیٹڈ سیریز دی پراؤڈ فیملی کے لیے وائس اوور کیا۔ بعد میں انہوں نے اس کے ڈزنی پلس پر بننے والے نئے ورژن دی پراؤڈ فیملی: لوڈر اینڈ پراؤڈر کے لیے بھی آواز دی۔وہ جنوری 2023 میں لاس اینجلس میں منعقد ہونے والی سیریز کی ریڈ کارپٹ تقریب میں بھی شریک ہوئی تھیں۔

قانونی شکایت میں کہا گیا ہے کہ راکیل ڈزنی کی اس فلم کا حصہ بننے پر بہت خوش تھیں جو ایک سیاہ فام امریکی خاندان کو مرکزی حیثیت دینے والی کمپنی کی پہلی فلم تھی تاہم ڈزنی کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ ان کی توقعات کے برعکس ان کی زندگی پر گہرا اثر چھوڑ گیا۔

شکایت کے مطابق راکیل ایک محنتی اور پُرجوش بچی تھیں جو اپنے مکالموں کی بھرپور تیاری کرتی تھیں لیکن مبینہ واقعے کے بعد ان کی حالت یکسر بدل گئی۔ دستاویز میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ تھکی ہوئی، نشے میں اور بیمار رہنے لگیں، توجہ مرکوز کرنے اور مکالمے یاد رکھنے میں دشواری ہوتی تھی جبکہ سیٹ پر ان سے الکحل کی بو آتی اور وہ اکثر بیمار ہوکر الٹیاں بھی کرتی تھیں۔

دی امنڈا شو کا تجربہ بھی سامنے آگیا

2022 میں بزنس انسائیڈر کو دیے گئے ایک انٹرویو میں راکیل نے نکلوڈین کے دی امنڈا شو کے سیٹ پر اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں وہاں بے وقعت اور غیر انسانی محسوس کرایا گیا۔

ان کے مطابق وہاں بچوں یا انسانوں کی حیثیت سے ان کی قدر نہیں کی جاتی تھی بلکہ توجہ اس بات پر تھی کہ شو کتنی رقم کما رہا ہے اور اس کی کامیابی ان کی نوکری اور مستقبل سے جڑی ہوئی ہے۔ انسائیڈر کے مطابق راکیل کو 13 سال کی عمر میں دی امنڈا شو سے الگ کردیا گیا تھا۔

2024 کی دستاویزی سیریز میں بھی تجربات بیان کیے

راکیل نے 2024 کی دستاویزی سیریز کوئٹ آن سیٹ: دی ڈارک سائیڈ آف کڈز ٹی وی میں بھی شرکت کی، جس میں انہوں نے 1999 سے 2002 تک نشر ہونے والے دی امنڈا شو کے دوران ایک سیاہ فام فنکار کی حیثیت سے اپنے تجربات بیان کیے۔

دستاویزی سیریز نشر ہونے کے بعد راکیل نے کہا تھا کہ اداکار ڈریک بیل کی جانب سے اپنے ساتھ ہونے والی آن سیٹ جنسی زیادتی کا ذکر سننا ان کے لیے دوبارہ شدید صدمے کا باعث بنا۔

Related Posts