مصطفیٰ عامر قتل کیس! ارمغان سمیت دیگر ملزمان پر فردِ جرم کب عائد ہوگی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Mustafa Murder Case: Trial Court’s Decision Overturned, Accused Armaghan’s Remand Approved

کراچی کی خصوصی انسدادِ دہشتگردی عدالت نے ہائی پروفائل مصطفیٰ عامر قتل کیس سمیت پانچ مقدمات میں ملزم ارمغان اور دیگر کے خلاف مشترکہ فردِ جرم عائد کرنے کے لیے تاریخ مقرر کردی ہے۔

اے ٹی سی نے ہفتے کے روز کیس سے متعلق پانچ مقدمات کی سماعت کی جس کے دوران ملزمان کی جانب سے مصطفیٰ عامر قتل کیس کو سیشن کورٹ منتقل کرنے کی درخواست بھی مسترد کردی گئی۔

عدالت نے مدعی کی جانب سے تمام مقدمات کا مشترکہ ٹرائل کرنے کی درخواست منظور کرلی اور ارمان سمیت دیگر ملزمان کے خلاف زیر سماعت پانچوں مقدمات کو یکجا کرنے کا حکم دے دیا۔

اس عدالتی فیصلے کے بعد عدالت نے پانچوں مقدمات میں تمام ملزمان پر مشترکہ طور پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے باقاعدہ تاریخ بھی مقرر کردی۔ سماعت کے دوران عدالت نے ملزم شیراز کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواست پر بھی آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرلیے ہیں۔

اے ٹی سی نے پانچوں مقدمات میں مزید کارروائی 24 اگست تک ملتوی کردی جبکہ اگلی سماعت پر مختلف قانونی نکات پر پیش رفت متوقع ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند روز قبل سندھ ہائی کورٹ نے مقدمے کے ٹرائل میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیس کا ریکارڈ طلب کیا تھا۔ عدالت نے کارروائی میں ہونے والی پیش رفت اور تاخیر کی وجوہات پر مشتمل رپورٹ بھی مانگی تھی۔

مصطفیٰ عامر کی والدہ نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت جلد مکمل کرنے کی استدعا کی تھی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ کیس کی کارروائی تقریباً ڈیڑھ سال سے تاخیر کا شکار ہے۔

ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے تھے کہ مقدمے کی کارروائی طویل عرصے تک التوا کا شکار رہنے سے گواہوں کے بیانات اور ان کی گواہی متاثر ہونے کا خدشہ ہوسکتا ہے۔ عدالت نے ٹرائل کورٹ اور پراسیکیوشن کو ہدایت کی تھی کہ مقدمے کی سماعت تیزی سے آگے بڑھانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

Related Posts