اٹک میں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

اٹک میں رنگو تھانے کی حدود میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ مالہو موڑ کے قریب پیش آیا، جہاں دونوں افراد کو نشانہ بنایا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت عبدالشکور اور عاطف نیاز کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں کا تعلق خیبر پختونخوا سے بتایا گیا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے شواہد جمع کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق عبدالشکور اور عاطف نیاز پراڈو نمبر بی آر آر 432 میں سفر کررہے تھے۔ مالہو موڑ کے قریب پہنچنے پر موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر اچانک فائرنگ کردی، جس سے دونوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او اٹک کیپٹن (ر) علی بن طارق، ایس پی انویسٹی گیشن زینب ایوب، ڈی ایس پی حضرو ارشد خٹک اور دیگر سینئر پولیس افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ افسران نے موقع کا معائنہ کیا اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں۔

دونوں مقتولین کی لاشیں قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال حضرو منتقل کردی گئیں۔ پولیس نے بعد ازاں موصول ہونے والی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزمان کے خلاف  دوہرے قتل کا مقدمہ  درج کرلیا، جن میں 2  نامعلوم افراد بھی شامل ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق عبدالشکور اور عاطف نیاز مالہو موڑ کے قریب پہنچے تو عطا اللہ اور ثناء اللہ، اور ساتھیوں کے علاوہ  دو نامعلوم ساتھی ملزمان پہلے سے وہاں موجود تھے اور مبینہ طور پر عطا اللہ اور ثناء اللہ نے دونوں افراد پر فائرنگ کردی۔

مقدمے کے مطابق پستولوں سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں عبدالشکور اور عاطف نیاز موقعے پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں دوہرے قتل کی وجہ پرانی دشمنی ہوسکتی ہے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

Related Posts