وزارت کامرس ایمپلائیز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کی انتظامی کمیٹی غیر فعال

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Ministry of Commerce Employees Cooperative Housing Society management committee disabled

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: وزارت برائے کامرس ایمپلائیز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کی انتظامی کمیٹی غیر فعال اور معطل ہونے کے بعد ایڈمنسٹریٹر سوسائٹی اسسٹنٹ کمشنر صدر گوہر زمان وزیر کی عدم توجہ اور غیر قانونی اقدامات کے باعث سوسائٹی کے وسائل کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

ارکان نے بتایا ہے کہ موجودہ انتظامیہ کے دور میں سوسائٹی کے 3مختلف مقامات پر سیکڑوں کنال اراضی پر قبضہ ہو چکا ہے۔ سوسائٹی ریکارڈ ایڈمنسٹریٹر کی عدم توجہ کے باعث جنگل میں سیکورٹی گارڈ دستیاب نہیں ہیں جس کی وجہ سے سوسائٹی غیرمحفوظ ہوچکی ہے۔

ایڈمنسٹریٹر گوہر زمان وزیر نے اپنی من پسند کمپنی لانے کےلئے سوسائٹی کے وسائل اور ریکارڈ غیر محفوظ بنا دیا ہے،نئی سیکورٹی کمپنی کو کوآپریٹو قوانین کے برعکس لایا جا رہا ہے اس حوالے سے نہ تو ارکان کی کوئی کمیٹی بنائی گئی ہے نہ ہی ارکان کو کسی بھی طرح اعتماد میں لیاگیا۔

یہاں یہ سوال بہت اہم ہے کہ سوسائٹی کے دفتر میں سوسائٹی کے 7ہزار سے زائد ممبران کا ریکارڈ پڑا ہے توسیکورٹی نہ ہونے کے باعث ریکارڈ چوری یا کوئی اور ناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے سیکورٹی کا کوئی مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث سوسائٹی وسائل پر ہاتھ صاف کئے جارہے ہیں، سوسائٹی میں لگائے گئے پودے، درخت ، اینٹیں ،عمارتی سامان سمیت قیمتی اشیا چوری ہوچکی ہیں جس کی ذمہ داری ایڈمنسٹریٹر پر عائد ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں:ای کامرس پالیسی سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا اورکارکردگی میں بہتری آئے گی، رزاق داؤد

ایڈمنسٹریٹر نے سوسائٹی کے مالی، گارڈ اور ڈرائیور کو سوسائٹی امور کی نگرانی پر تعینات کر رکھا ہے جبکہ سوسائٹی کی کلٹس گاڑی کا بھی نجی استعمال کیا جا رہا ہے۔

سوسائٹی کے ارکان کا کہنا ہے کہ ایک طرف ہماری عمر بھر کی کمائی داؤ پر لگی ہے تو دوسری جانب موجودہ ایڈمنسٹریٹر کے غیر قانونی اقدامات کے باعث سوسائٹی کے وسائل داؤ پر لگے ہیں۔کوآپریٹو رول 48کے تحت انتظامی کیمٹی کرپشن کے الزامات کے باعث معطل کردی گئی تھی۔

سوسائٹی کے ارکان کا مزید کہنا تھا کہ کئی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی نیب سمیت دیگر تحقیقاتی اداروں میں انکوائریاں اور عدالتوں میں کیس چل رھے ہیں۔ رجسٹرار کوآپریٹو حمزہ شفقات نے اگر بر وقت اقدامات نہ کئے تو سوسائٹی ارکان کے لئے آنے والے دنوں میں زمینوں کا حصول بہت مشکل ہو جائے گا۔

سوسائٹی کے ارکان اس حوالے س شدید تشویش میں مبتلا ہیں کہ آخر وہ کون سے ایسے محرکات ہیں جس کے باعث سوسائٹی لاک ڈاؤن کا شکار ہے۔

ارکان نے مطالبہ کیا کہ سوسائٹی میں جن لوگوں پر کرپشن ثابت ہو چکی ہے انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے جبکہ نیب عدالت سمیت دیگر اداروں میں چلنے والے کیسز اور انکوائریوں کے ساتھ ساتھ سوسائٹی کے امور کو قانونی طریقے سے فعال کیا جائے یا تو سوسائٹی میں الیکشن کروائے جائیں یا کرپٹ افراد سے پاک انتظامی کمیٹی سوسائٹی کے امور چلائے کیونکہ موجودہ تاخیر کے باعث سوسائٹی ممبران کے لئے زمینوں کا حصول مشکل ہوجائے گا۔

Related Posts