پنجاب کے شہر جہلم کے علاقے قائد آباد میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کے نتیجے میں 54سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔ مسلح ڈاکو خواتین کو لوٹ کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکو قائد آباد کی ایک گلی میں خواتین کو لوٹ مار کا نشانہ بنا رہے تھے کہ 54 سالہ شخص نے آگے بڑھ کر ملزمان کو روکا جس پر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں شہری شدید زخمی ہوگیا۔
زخمی ہونے والے شہری کی شناخت صغیر کے نام سے ہوئی جسے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کیا یگا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ ڈاکو خواتین سے 5 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔
لوٹ مار اور قتل کے اس افسوسناک واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ جہلم پولیس کا کہنا ہے کہ واردات پر تحقیقات کیلئے علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ چیک کی جارہی ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے تفتیش کا عمل بھی جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








