اسلام آباد: وزیراعظم اپنا گھر ہاؤسنگ اسکیم میں درخواست گزاروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت رسائی فنانس اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس کے بعد اجلاس سے متعلق اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا۔
اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے لیے جون کے بعد درخواستوں میں 52 فیصد اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں درخواستوں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 39 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے اپنا گھر پروگرام کے تحت فراہم کیے جانے والے قرضوں کی تعداد بھی 59 فیصد بڑھ گئی، جبکہ زرخیز اسکیم کے تحت منظور شدہ فنانسنگ کی مجموعی مالیت 7.2 ارب روپے سے تجاوز کرچکی ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ہدایت کی کہ فنانسنگ کے راستے میں موجود رکاوٹوں کی نشاندہی کرکے انہیں واضح اور قابلِ عمل سفارشات کے ساتھ اسٹیئرنگ کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے۔خیال رہے کہ اپنا گھر ہاؤسنگ اسکیم کے تحت کوئی بھی تنخواہ دار یا کاروباری شہری آسان شرائط پر قرض حاصل کرکے اپنا گھر بنا سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








