لاہور میں 6 سالہ بچی سے مبینہ طور پر زیادتی ہوئی ہے، پولیس نے واقعے کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جس کے خلاف تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بچی سے مبینہ زیادتی کا واقعہ لاہور کے علاقے فیصل ٹاؤن میں پیش آیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ متاثرہ بچی فیصل ٹاؤن کے بی بلاک میں واقع نجی اسکول کی طالبہ ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ اسکول کے ملازم حسنین نے بچی کو مبینہ طور پر اسکول میں ہی زیادتی کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگیا۔ پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کی، ملزم کو مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزم کو تفتیش کیلئے جینڈر سیل کے حوالے کردیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں بچوں اور بچیوں سے زیادتی کے بے شمار واقعات رپورٹ ہی نہیں کیے جاتے، عوام کی بڑی تعداد واقعات کو رپورٹ کرانا معاشرتی اقدار کے خلاف سمجھتی ہے۔
واقعات رپورٹ نہ کرائے جانے کے باعث اسکولوں اور مدرسوں سمیت بچوں کے تعلیمی مقامات، گھروں کے نزدیک یا پھر کھیت کھلیان میں کھیلنے کیلئے جانے والے بچوں کے ساتھ پیش آنے والے جنسی ہراسگی اور زیادتی کے اکثر واقعات سامنے نہیں آسکتے، نہ ہی مجرموں کو سزا ملتی ہے۔