کراچی میں بس مالکان نے ٹریفک پولیس سے مذاکرات ناکام ہونے پر آج سے غیر معینہ مدت تک کیلئے ہڑتال کا اعلان کیا ہے، لوکل ٹرانسپورٹ کی بندش کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
لوکل ٹرانسپورٹ کے ذریعے آفس آنے جانے والے ملازمین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ٹریفک کے بھاری چالان، اور جرمانوں سے تنگ آ کر ہڑتال کا اعلان کیا گیا۔ بس اونرز ایسوسی ایشن نے جمعرات سے پبلک ٹرانسپورٹ بند رکھنے کا اعلان کردیا۔
سڑکوں پر لوکل بس کا انتظار کرنے والے بے شمار شہری ہڑتال سے تاحال لاعلم ہیں۔ صدر بس اونرز ایسوسی ایشن فاروق احمد کا کہنا ہے کہ ہم نے بس مالکان سے بسیں نہ چلانے کی اپیل کی ہے۔ اگر ٹریفک پولیس اور شہری انتظامیہ نے مطالبات منظور نہ کیے تو ہڑتال جاری رکھیں گے۔
خیال رہے کہ آج سے 2 روز قبل ڈی آئی جی ٹریفک پولیس پیر محمد شاہ نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری میں تاجروں اور صنعتکاروں کو آگہی دیتے ہوئے کہا کہ ای چالان کے باعث گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال کے پہلے 6ماہ میں ٹریفک 30فیصد تک کم ہوگئے ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ شہر کی مرکزی شاہراہوں پر احتجاج کے باعث ٹریفک کی بندش برداشت نہیں کریں گے، گزشتہ برس متعارف کرائے گئے ای چالان سسٹم کو عوام نے پذیرائی دی۔ 70 فیصد شہریوں کی ای چالان پر رائے مثبت ہے۔ جدید نگرانی کے نظام نے ٹریفک قوانین کی عملداری کو بہتر بنایا ہے۔
دوسری جانب کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد اور کراچی بس اونرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ جرمانوں اور کریک ڈاؤن کے خلاف ہڑتال جاری رہے گی۔ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد انتظامیہ کے مطابق ہڑتال غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی۔ متعدد بسوں پر بھاری چالان کیے گئے اور جرمانوں کے بعد گاڑیوں پر پولیس یکم جولائی سے کریک ڈاؤن بھی کرے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








