خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کردیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 1 پولیس اہلکار شہید ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لوئر دیر میں دہشت گردوں نے باڈوان پل پر قائم پولیس چوکی کو حملے کا نشانہ بنایا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں شہید پولیس افسر کی شناخت کانسٹیبل محمد اسماعیل کے نام سے ہوئی۔
دہشت گردوں کی جانب سے جاری فائرنگ پر پولیس اہلکاروں کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی، تاہم حملہ آور دہشت گرد کارروائی کے دوران ہی فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ دہشت گردی کے بعد متأثرہ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔ علاقے میں سکیورٹی سخت کردی گئی جبکہ شہید کانسٹیبل محمد اسماعیل کی نمازِ جنازہ آج پولیس لائن تیمر گرہ میں ادا کی جائے گی۔
نمازِ جنازہ میں پولیس افسران اورضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔ کے پی کے پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں جن کے خاتمے تک ملک میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








